چترال (نمائندہ چترال میل) منگل کے روز ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے نفاذ کے خلاف تاجروں کی اپیل پر ضلع اپر اور لوئر چترال میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوئی۔چترال شہر کے علاو ہ دروش، گرم چشمہ، ایون، کوغوزی اور عشریت جبکہ اپر چترال کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز بونی، مستوج، لاسپور، وریجون، یارخون، شاگرام اور ریشن میں مرکزی بازاروں سمیت چھوٹے بڑے تجارتی مراکز میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ بنک کی مقامی شاخیں بھی بند رہے۔ شٹر ڈاون ہڑتال سے کاروباری زندگی بھی معطل ہوکر رہ گئی۔ مسافروں اور سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء نہ ملنے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے ملاکنڈ ڈویژن میں کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر وفاقی حکومت نے ہٹ دھرمی سے باز آکر ٹیکسوں کے ظالمانہ فیصلے کو واپس نہ لیا تو اس کے سنگین نتائج برامد ہوں گے کیونکہ اس وقت تمام عوام سیاسی وابستگی سے ہٹ کر ایک پیج پر جمع ہوچکے ہیں اور ہڑتال کا اگلا مرحلہ حکومت کے لئے تکلیف دہ ثابت ہوگا۔




