چترال ( نمائندہ چترال میل )ڈی۔پی۔او لوئر چترال ریشم جہانگیر کی زیرِ صدارت اہم کرائم میٹنگ کا انعقاد
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کی زیرِ صدارت ڈی۔پی۔او آفس بلچ میں اہم کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس۔پی۔ایلیٹ عتیق الرحمن سمیت ضلع بھر کے تمام تھانہ جات کے ایس۔ایچ۔اوز نے شرکت کی۔
میٹنگ میں ضلع بھر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، مقدمات کی تفتیش و پیش رفت، اشتہاری و مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیوں اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
منشیات کے خلاف کارروائیوں کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت
ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے تمام ایس۔ایچ۔اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کے اڈوں، منشیات فروشوں اور سپلائی نیٹ ورک کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور کسی بھی شخص کو نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
ڈی۔پی۔او نے مزید کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون بھی انتہائی اہم ہے۔ مشکوک سرگرمیوں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جائے تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
میٹنگ کے دوران جرائم کی روک تھام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
ڈی۔پی۔او ریشم جہانگیر نے واضح کیا کہ لوئر چترال پولیس قانون شکن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گی، جبکہ عوام کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کو اولین ترجیح حاصل رہے گی۔












