چترا ل اپر( نمائندہ چترال میل )ڈی پی او چترال اپر کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ، منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال اپر ضیاء حسن PSP کی زیرِ صدارت پولیس لائنز چترال اپر میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ضلع میں امن و امان، جرائم کی صورتحال اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ چترال اپر کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے پولیس اسٹیشنز میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آنے، ان کے مسائل کو قانون کے مطابق حل کرنے اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
سیکیورٹی کے حوالے سے ڈی پی او نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں ہوٹل مالکان سے Hotel Eye پر ہوٹلوں میں قیام کرنے والے تمام مہمانوں کا بروقت اور مکمل اندراج یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل آئی کے مؤثر استعمال سے مشکوک افراد کی بروقت نشاندہی اور عوامی تحفظ و سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
میٹنگ کے دوران SOS اور SCP جیسی جدید پولیس سہولیات اور ایپس کو مکمل طور پر فعال اور مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی پی او نے ہدایت کی کہ عوام کو ان سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان سہولیات سے واقف شہری فوری طور پر پولیس سے رابطہ کر سکیں اور انہیں بروقت پولیس معاونت فراہم کی جا سکے۔
ڈی پی او نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، منشیات کے خاتمے، مؤثر سیکیورٹی اور عوام کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔












