چترال کے خوبصورت سیاحتی مقام گرم چشمہ کے نوجوان آرٹسٹ شیر احمد المعروف شیرو کی یاد میں علاقے کے ممتاز درسگاہ پامیر پبلک سکول اینڈ کالج میں ایک روزہ آرٹ ایگزبیشن کا انعقاد ک

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) چترال کے خوبصورت سیاحتی مقام گرم چشمہ کے نوجوان آرٹسٹ شیر احمد المعروف شیرو کی یاد میں علاقے کے ممتاز درسگاہ پامیر پبلک سکول اینڈ کالج میں ایک روزہ آرٹ ایگزبیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں گرم چشمہ کے کئی سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے درجنوں طلباء و طالبات نے اپنے فن پاروں کی نمائش کے ساتھ نمائش میں حصہ لیا۔ آرٹ نمائش کا اہتمام گرم چشمہ بشیر سے تعلق رکھنے والے چترال کے مایہ ناز خطاط اور آرٹسٹ و الناصر پبلک سکول کے استاد عزیز جلال نے اپنے دیگرساتھی اساتذہ کے تعاون سے کیا تھا۔
آرٹ ایگزبیشن کے مہمان خصوصی چترال کے نامور آرٹسٹ و قلمکار منتظم نمائش عزیز جلال کے استاد قلمکار اور چترال پریس کلب کے سنئیر صحافی محکم الدین ایونی تھے، جبکہ صدر محفل کے فرائض ڈائریکٹر نادرا و پریذیڈنٹ نامدار لوکل کونسل پرابیک محی الدین نے انجام دی، جبکہ نمائش کے دیگر مہمانان اعزاز میں سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال شیرین خان ایڈوکیٹ، سابق آرپی ایم آغاخان پلاننگ اینڈ بلڈنگ (AKPSB) محمد کرم، چترال کے نامور آرٹسٹ نثار احمد کے علاؤہ شرافت خان صدر کھوار اہل قلم گرم چشمہ، مفتی خاتم الدین،علاقائی سیاسی اور سماجی شخصیات اور طلباء طالبات کے والدین شامل تھے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض معروف خطاط و آرٹسٹ عبدالوحید نے انجام دی۔ تلاوت عمیر بن عزیز، حمد عارف حسین اور نعت شریف محمد ابرار الحق نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی، نمائش کے منتظم معروف قلمکار عزیز جلال نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے آرٹ نمائش کی تقریب میں شمولیت اور حوصلہ افزائی پر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا، کہ علاقے کے لوگوں اور طلباء طالبات کی بڑی تعداد میں تقریب میں شمولیت اس امر کی عکاس ہے، کہ وادی لٹکوہ کے لوگ طلباء و طالبات آرٹ و فن سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں آرٹ کے اپنے مشن کو مزید وسعت دینے اور اسے ملکی سطح پر متعارف کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پرنسپل الناصر پبلک سکول گرم چشمہ فضل حمید نے مرحوم آرٹسٹ شیر احمد المعروف “شیرو “کی حالات زندگی، آرٹ کیلئے ان کی خدمات اور جذبے پر تفصیل سے روشنی ڈالی، اور ان کی وفات کو علاقے کیلئے بہت بڑا نقصان قرار دیا،

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریذیڈنٹ نامدار لوکل کونسل محی الدین، شرین خان ایڈوکیٹ اور محمد کرم نے وادئ لٹکوہ میں ” شیرو میموریل آرٹ ایگزبیشن” کے انعقاد کو علاقے کے طلباء و طالبات کی فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے آرٹسٹ عزیز جلال اور معاون اساتذہ کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا، اور کہا، کہ ایسے مواقع طلبہ کے احساسات و جذبات اور خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور نکھار نے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہوتے ہیں، انہوں نے کہا استاد عزیز جلال کو اپنے علاقے کی علمی ترقی سے عشق ہے، آپ نے نوجوان نسل کے روشن مستقبل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے، یوں گرم چشمہ کے تمام سکولوں کے طلباء و طالبات ان کے والدین کو استاد عزیز جلال کی بے لوث خدمات اورکو ششوں پر بھر پور یقین ہے، کہ یہ کوششیں ضرور رنگ لے آئیں گی، آج ایگزبیشن ہال میں مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں، والدین، طلباء و طالبات اور لوگوں کی بھر پور شرکت اس بات کی واضح مثال ہے،
مہمان خصوصی محکم الدین نے اپنے خطاب میں کہا، کہ میرے لئے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ کہ میرے زیر نگرانی حروف ابجد کی تختی سے شروع کرنے والا میرا شاگرد عزیز جلال آج نہ صرف ایک ماہر خطاط اور قلمکار کی حیثیت سے پورے چترال میں نام پیدا کر چکا ہے، بلکہ اس کے زیر نگرانی تربیت پانے والے سینکڑوں طلب علموں کے فن پارے آرٹ نمائش میں موجود ہیں، اور ناظرین کو اپنی طرف متوجہ ہونے پر مجبور کر رہے ہیں، انہوں نے کہا، کہ گرم چشمہ سیاحتی علاقہ ہے، اس لئے سیاحوں کو علاقے کی طرف متوجہ کرنے کیلئے سالانہ آرٹ نمائش کا انعقاد کرکے فایدہ اٹھایا جا سکتاہے انہوں نے دیگر ثقافتی مصنوعات کو ترقی دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے نمائش میں ان کو خصو صی طور پر مدعو کرنے اور مہمان خصوصی کا اعزاز بخشنے پر تقریب کے منتظمین عزیز جلال، پرنسپل فضل حمید کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے آغاز میں مہمان خصوصی محکم الدین ایونی کو پرنسپل پامیر سکول اینڈ کالج فضل حمید نے روایتی چترالی ٹوپی پہنایا، جبکہ تقریب کے اختتام پر نمائش میں حصہ لینے والے مختلف دیہات و سکولوں کے 60 طلباء و طالبات میں شیلڈ تقسیم کئے گئے۔