ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کا پولیس اسٹیشن ارندو کا دورہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کا پولیس اسٹیشن ارندو کا دورہ

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر نے افغانستان بارڈر کے قریب واقع پولیس اسٹیشن ارندو کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش رحمان یوسف اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، ریکارڈ، سکیورٹی انتظامات، باونڈری وال، سکیورٹی پوائنٹس، حوالات، اسلحہ خانہ، مال خانہ اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ انداز کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں اور سائلین کی سہولت اور عزتِ نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ اور قانون کے مطابق جلد از جلد یکسو کرنے، اشتہاری و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں مزید تیز کرنے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور گشت اور نگرانی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے تھانے کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔