چترال (نمائندہ چترال میل) پاکستان کیمسٹ اینڈڈرگسٹ ایسوسی ایشن چترال کے صدر رحمت الٰہی نے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف 21جولائی کے شٹرڈاون ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف کیمسٹ برادری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور تاجربرادری کی ہر کال پر لبیک کہتے ہوئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ چترال پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 21جولائی کاشٹرڈاون ہڑتال ہرلحاظ سے کامیاب ہوگا جوکہ اسلام آباد میں ایوان اقتدار میں اقتدار کے نشے میں مست حکمرانوں کے لئے تازیانہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس ہڑتال کی کامیابی کے لئے کیمسٹ برادری دکانیں بند رکھیں گے جبکہ تجاریونین کے مشور ے اور تائید سے اور انسانی ہمدردی کے تحت ہر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال، ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال، دروش اور بونی کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سمیت دوسرے ہسپتالوں کے گیٹ کے قریب واقع کیمسٹ کی چند دکانیں ایمرجنسی کوریج کے لئے کھلے رہیں گے۔ رحمت الٰہی کا کہنا تھاکہ ادویات کے ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے کا براہ راست غریب مریضوں پر بھی پڑے گا جبکہ مہنگائی وگرانی نے غریبوں کا جینا پہلے سے دوبھر کررکھا ہے۔



