چترال ( نمائندہ چترال میل ) ہندوکش ایکسپلوررزکے زیر اہتمام”لٹل چیمپس سمر ایڈونچر 2026 ‘ کے تحت پانچ ننھے کوہ پیماؤں نے نو روزہ مہم پر روانہ ہوئے جس کے دوران وہ پاکستان کے تین عظیم اور عالمی شہرت یافتہ پہاڑی سلسلوں ہمالیہ، قراقرم اور ہندوکش کی پہاڑی سلسلوں ننگا پربت، راکاپوشی کے بیس کیمپ تک ہائیکنگ کرنے کے ساتھ بارست چمورکھان ٹریک کو عبورکریں گے۔ جمعرات کی صبح مقامی ہوٹل میں منعقد ہ تقریب مہم کا باقاعدہ آغا ز ہوا جہاں والدین، کمیونٹی ممبران، مہم جوئی کے شوقین افراد اور حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ ننھے کوہ پیماؤں کو الوداع کیا۔ اس منفرد پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں میں مہم جوئی، قیادت، ماحولیاتی تعلیم اور ذمہ دارانہ پہاڑی سیاحت کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔اس سفر کے دوران بچے نہ صرف ٹریکنگ کریں گے بلکہ پہاڑی ماحولیاتی نظام، گلیشیئرز، حیاتیاتی تنوع اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عملی معلومات بھی حاصل کریں گے۔ یہ مہم اس سے قبل منعقد ہونے والی ”لٹل چیمپس ترچ میر بیس کیمپ مہم” کی شاندار کامیابی کے تسلسل میں شروع کی گئی ہے، جہاں پاکستان کے سب سے کم عمر کوہ پیماؤں نے 4,720 میٹر کی بلندی پر واقع ترچ میر بیس کیمپ تک پہنچ کر ایک تاریخی کامیابی رقم کی تھی۔ذمہ دار نوجوان لیڈروں کی تیاریاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہندوکش ایکسپلوررز کے سی ای او (CEO) صاحب عرفان نے کہا:”یہ پروگرام نہ صرف مضبوط کوہ پیما تیار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، بلکہ ایسے ذمہ دار نوجوان لیڈروں کی تربیت کے لیے بھی بنایا گیا ہے جو قدرت، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور ماحولیاتی ذمہ داری کی قدر کرتے ہیں۔”انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سمر کیمپ طلباء— خاص طور پر پہاڑی برادریوں سے تعلق رکھنے والے بچوں — کو محفوظ اور تعلیمی ماحول فراہم کرتا ہے تاکہ ان میں خود اعتمادی، بیرونی بقا کی مہارتیں اور قیادت کے اوصاف پیدا ہوں۔صحت مند طرز زندگی اور ماحولیاتی سفیرموجودہ دور میں بچوں کا اسکرین ٹائم (screen time) کم کرنے اور انہیں فطرت سے دوبارہ جوڑنے کے لیے یہ پروگرام ایک بہترین کوشش ہے۔ ٹریکنگ اور کیمپنگ کے ذریعے جہاں صحت مند طرز زندگی کو فروغ ملے گا، وہیں شرکاء گلیشیئرز کے تحفظ، پائیدار سیاحت اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ”Leave No Trace” (کوئی نشان نہ چھوڑیں) کے اصولوں پر عملی تربیت پائیں گے۔ہندوکش ایکسپلوررز کا عزم ہے کہ اس اقدام کے ذریعے پہاڑی سفیروں کی ایک ایسی نئی نسل تیار کی جائے جو پاکستان کے قدرتی ورثے کی حفاظت کرے اور مستقبل میں ماحول دوست لیڈر بن کر ابھرے۔اس مہم میں سہانہ خسرو، عنابیہ عرفان، انوش عالم، انم خادم اور اہیل دانیال حصہ لے رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے چترال میں کلچر اینڈ ٹورزم افیسر شہزاد عالم نے مہم جو کو مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے بعد رخصت کیا



