بیسٹ پرفارمنگ سکولز اینڈ ٹیچر انسینٹو پروگرام” کی تقریب پیر کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن محمد مسعود مہمان خصوصی تھے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام “بیسٹ پرفارمنگ سکولز
اینڈ ٹیچر انسینٹو پروگرام” کی تقریب پیر کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن محمد مسعود مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) شاہد حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمل) محترمہ مہر النساء، محکمہ تعلیم کے افسران، سکول سربراہان اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چترال لوئر کے آٹھ سرکاری سکولوں کے سربراہان کو ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو پچاس، پچاس ہزار روپے نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

مہمانِ خصوصی محمد مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور سکولوں میں صحت مند مسابقت کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیسٹ پرفارمنگ سکولز اینڈ ٹیچر انسینٹو پروگرام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد بہتر تعلیمی نتائج، زیادہ انرولمنٹ اور طلبہ و اساتذہ کی باقاعدہ حاضری کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے 274 بہترین کارکردگی کے حامل سکولوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سکولوں کے انتخاب کے لیے میٹرک کے امتحانی نتائج، سکولوں میں طلبہ کی انرولمنٹ، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری جیسے اشاریوں کو بنیاد بنایا جاتا ہے، جبکہ یہ ڈیٹا متعلقہ امتحانی بورڈز اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ بیسٹ پرفارمنس کے حامل سکولوں میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول عشیریت (DSS)، گورنمنٹ ہائی سکول کوغذی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوغذی
گورنمنٹ ہائی سکول عشیریت، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مؤلدہ، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول ارندو (DSS)، گورنمنٹ ہائی سکول پریئت اور
گورنمنٹ گرلز مڈل سکول تار (DSS) شامل ہیں۔

تقریب کے اختتام پر کامیاب سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے حوصلہ افزا پروگرام نہ صرف اساتذہ کی کارکردگی میں بہتری لاتے ہیں بلکہ سکولوں میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔