ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد ہاشم عظیم نے محکمہ زراعت کے دفتر کے ساتھ نو قائم شدہ فارمرز فیسیلیٹی سنٹر کا افتتاح کیا

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (نمائندہ چترال میل) ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد ہاشم عظیم نے محکمہ زراعت کے دفتر کے ساتھ نو قائم شدہ فارمرز فیسیلیٹی سنٹر کا افتتاح کیا جس میں کیڑے مار ادویات اور بیج سے لے کر کیمیائی کھاد اور کاشتکار ی کی ہلکی مشینری کسانوں کو دستیاب ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈائرکٹر ایگریکلچر احمد نواز اورڈپٹی ڈائٹرکٹر شہزاد ایوب اور دوسرے افسران نے انہیں فیسیلیٹی سنٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی سی نے سنٹر میں ڈسپلے کردہ تمام اشیاء میں گہری دلچسپی لی اور کہاکہ کسانوں کے لئے ایک چھت کے نیچے سہولیات کی فراہمی نہایت احسن قدم ہے جس کے لئے محکمہ کے افسران اور اہلکار تعریف کے قابل ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ محکمے کے افسران کی اس کارکردگی کے پیش نظر انہیں تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر بجٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ دوسرے محکمہ جات بھی اپنی کارکردگی بہتر سے بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس محکمے کو وسائل کی فراہمی سے قومی معیشت بہتر ہوجائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے فیتہ کاٹ کر فیسلیٹیشن سنٹر کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس سے قبل انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر چترال کے نوتعمیر شدہ دفتر کا بھی فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا جسے محکمہ بلدیات ودیہی ترقی نے جدید تزئین وآرائش کی ہے۔ا س موقع پر ایڈیشنل ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ شاہ عدنان، اسسٹنٹ کمشنر لویر چترال ریاض احمد اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز عیسیٰ محمد خان اور ضیاء محمد بھی موجود تھے۔