چترال ( نمائندہ چترال میل )نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مختلف پولیس تنصیبات کے دوروں کے سلسلے میں تھانہ دروش کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تھانے کی سیکیورٹی، روزنامچہ، زیرِ التواء مقدمات، حوالات، مال خانہ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔
ڈی پی او نے تھانے کے افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، میرٹ اور قانون کے مطابق پیش آئیں، بزرگ شہریوں، خواتین اور دیگر سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، جبکہ منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی لوئر چترال پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔





