نادرا موبائل ٹیم برائے آیون اور آیون وی سیز کا کردار قابل تعریف ہے، ٹیم کی خدمات سے سینکڑوں درخواست گزار مستفید ہوئے، آیون عوامی حلقے

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل ) آیون کے عوامی حلقوں نے گزشتہ ایک مہینے سے ویلج کونسل آیون آفس میں رجسٹریشن کی خدمات انجام دینے والے نادرا موبائل ٹیم کی شاندار کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرد و خواتین درخواست گزاروں نے کہا۔ کہ آیون ایک وسیع آبادی پر مشتمل ایریا ہے، جس میں سینکڑوں افراد نادرا آفس سے نئے شناختی کارڈ، تجدید کارڈ ، فارم ب، سمیت مختلف خدمات حاصل کرنے کیلئے چترال کا رخ کرنے پر مجبور تھے، اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے دن بدن کرایوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ کے ساتھ وقت بھی ضائع ہو رہا تھا، لیکن نادرا کی موبائل ٹیم کی آیون آمد سے جہاں لوگوں کو اضافی اخراجات سے نجات ملی ہے۔ وہاں ایک ہی چھت تلے اور گھر کی دہلیز پر لوگوں کو شناختی کارڈ کے حصول کی سہولت مل گئی ہے۔ جس کیلئے ہم حکومت، نادرا موبائل ٹیم اور یو سی آیون ون اور یو سی آیون ٹو کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر نادرا ٹیم کے انچارج سید احمد اور شیر اے نواز خان نے کہا ۔ کہ موبائل ٹیم کو اگر چیر مین وی سی آیون ون وجیہ الدین اور سیکرٹری محمد آصف بہتر سہولت فراہم نہ کرتے تو شاید نادرا ٹیم آیون کے لوگوں کی دل سے خدمت کرنے کی پوزیشن میں نہ ہوتی ، خصوصا وی سی کی طرف سے ڈیتھ، برتھ سرٹیفیکیٹ کا بر وقت اجرا شناختی کارڈ کے حصول کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ وی سی چیرمین و اسٹاف اور کمیونٹی کے لوگوں کا نادرا ٹیم کے ساتھ بھر پور تعاون کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا، کہ ٹیم کی آیون آمد سے بیمار، ضعیف العمر بزرگ مرد و خواتین اور سپیشل افراد کو شناختی کارڈ کے حصول اور تجدید شناختی کارڈ کی سہولت حاصل ہوئی۔ جو کہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔