چترال ( نمائندہ چترال میل )پرنس رحیم آغا خان کے متوقع دورہ لوئر چترال کے سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے لٹکوہ سب ڈویژن کا دورہ کرتے ہوئے دیدار گاہ گرم چشمہ میں قائم سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر دیگر پولیس افسران، اسماعیلی اور سننی کمیونٹی کے ممبران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے
تھانہ لٹکوہ کے وزٹ کے دوران اسماعیلی اور سننی کمیونٹی کے ممبران سے بھی مشترکا میٹنگ کا انعقاد کیا اورامن و امان، سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کے حوالے سے دونوں اقابیرین کو اعتماد میں لیا گیا۔
آر۔پی۔او ملاکنڈ نے تھانہ لٹکوہ میں جوانوں سے بھی ملاقات کی اورڈیوٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دیں۔
آر۔پی۔او ملاکنڈ کو دیدار گاہ کے دورے کے دوران سکیورٹی پلان، ڈیوٹی پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز، واک تھرو گیٹس، چیکنگ سسٹم، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور پولیس نفری کی تعیناتی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
آر۔پی۔او ملاکنڈ نے مختلف سکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ سکیورٹی کے تمام انتظامات کو مزید مؤثر اور فول پروف بنایا جائے تاکہ دورے کے دوران امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
آر۔پی۔او ملاکنڈ نے کہا کہ اہم شخصیات کے دوروں کے موقع پر پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں، لہٰذا تمام اہلکار پوری مستعدی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
آر۔پی۔او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوئر چترال پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔






