چترال (نمائندہ چترال میل ) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ کی جانب سے چترال میں کام کرنے والے ادویات کے ڈسٹری بیوٹرز کے لیے ایک خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈرگ انسپکٹر لوئر چترال ڈاکٹر نعمت اللہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ عوام کو درست اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے ڈسٹری بیوٹرز کا تعاون ناگزیر ہے۔ڈاکٹر نعمت اللہ نے کہا کہ ادویات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ایک محفوظ سپلائی چین اور وئر ہاوس میں تقسیم کے درست طریقہ کار پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارما کمپنیاں، ڈسٹری بیوٹرز اور فارماسسٹ وہ تین اہم کڑیاں ہیں جن کے ذریعے ادویات صارفین تک پہنچتی ہیں۔ڈرگ انسپکٹر نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ ڈسٹری بیوشن کے قواعد و ضوابط سے آگاہی فراہم کرنے کے بعد کسی بھی قسم کی غلطی یا کوتاہی کی صورت میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔تقریب میں چترال فارما ڈسٹری بیوشن کونسل کے صدر فخر عالم نے بھی شرکت کی اور ڈرگ انسپکٹر کو اس مشن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ کھڑے ہیں۔




