چترال میں وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے ایک روزہ ریفریشر ٹریننگ کا انعقاد

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن (SLF) نے محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختونخوا کے تعاون سے ضلع چترال میں وائلڈ لائف پوچنگ کی روک تھام اور جرائم کی مؤثر تفتیش کے موضوع پر ایک روزہ ریفریشر ٹریننگ کا کامیاب انعقاد کیا۔
یہ ٹریننگ وائلڈ لائف رینجرز کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ اس کے ذریعے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ غیر قانونی شکار کی روک تھام، پوچنگ نیٹ ورکس کے خاتمے اور وائلڈ لائف جرائم کی بہتر انداز میں تفتیش کرنے کے قابل بنتے ہیں۔ تربیت کے دوران شرکاء کو جدید تفتیشی طریقوں، شواہد اکٹھا کرنے کی سائنسی تکنیک، کرائم سین کو محفوظ بنانے، اور قانونی تقاضوں سے متعلق عملی رہنمائی فراہم کی گئی، جس سے مجرموں کے خلاف مضبوط مقدمات قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ٹریننگ میں محکمہ وائلڈ لائف چترال کے 12 رینجرز نے شرکت کی۔ یہ ریفریشر ٹریننگ گزشتہ سال کی کی گئی اس ٹریننگ کا تسلسل تھی، جس کا مقصد اس ٹریننگ کے بعد فیلڈ میں پیش آنے والے عملی مسائل کو حل کرنا اور عملے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا تھا۔
ٹریننگ کے دوران شواہد کے درست اندراج، محفوظ رکھنے کے اصول، چین آف کسٹڈی برقرار رکھنے اور قانونی طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکاء نے اس تربیت کو نہایت مفید قرار دیا اور بتایا کہ اس سے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہوا بلکہ فیلڈ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد ملی۔
اس موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر (DFO) چترال، فاروق نبی نے کہا کہ اس نوعیت کی تربیت فیلڈ اسٹاف کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ایس ایل ایف (SLF) کے تعاون کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اس اشتراک کو جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔
ایس ایل ایف (SLF) چترال کے ریجنل پروگرام منیجر، جمیع اللہ شیرزی نے کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد علاقے میں وائلڈ لائف کے تحفظ کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رینجرز کی بہتر تربیت سے نہ صرف پوچنگ میں کمی آئے گی بلکہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔