شندور پولو فیسٹیول 2025 کا شاندار آغاز ہوگیا۔خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان جہان نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )شندور پولو فیسٹیول 2025 کا شاندار آغاز ہوگیا۔خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان جہان نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت ،تاریخی اہمیت کے حامل شندور پولو فیسٹیول کا آغاز دنیا کے بلند ترین پولو میدان شندور میں ہوگیا۔تین روزہ فیسٹیول کا اہتمام خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج اور چترال سکاؤٹس کے اشتراک سے کیا گیا یے۔افتتاحی تقریب میں مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف،سیکرٹری سیاحت بختیار خان، کمشنر ملاکنڈ عابد وزیر، اور ڈی جی ٹورازم حبیب اللہ عارف بھی موجود تھے۔فیسٹیول کے پہلے روز چترال کے سرلاسپور اور گلگت بلتستان کے غذر کے درمیان سنسنی خیز میچ کھیلا گیا جس میں سرلاسپور کی ٹیم نے 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔ فیسٹیول میں تین دن تک چترال اور گلگت کی روایتی حریف ٹیموں کے درمیان پولو کے دلچسپ اور سخت مقابلے جاری رہیں گے، جنہیں دیکھنے کے لیے ملک بھر اور بیرون ممالک سے بڑی تعداد میں سیاح شندور پہنچے ہیں۔افتتاحی تقریب کے موقع اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا کہ شندور پولو فیسٹیول نہ صرف ایک کھیل کا ایونٹ ہے بلکہ ایک ثقافتی جشن ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں کو پاکستان کی پرامن فضا، دلکش مناظر اور عظیم ورثے سے روشناس کراتا ہے۔انھوں نے کہا کہ شندور پولو ہمارا اہم ثقافتی کھیل ہے جو 12 ہزار فٹ کی بلندی پر کھیلا جاتا ہے اوراس ثقافتی کھیل کو دیکھنے کیلئے پوری دنیا سے ٹورسٹ اور شائقین آتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم شندور فیسٹیول میں شرکت کرنے والے سیاحوں اور شائقین کھیل کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس طرح کی سرگرمیوں سے ہم پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم پاکستانی اپنے ثقافت سے پیار کرنے والے لوگ ہیں اور یہ فیسٹیول اس کی عکاسی ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شندور پولو فیسٹیول گلگت اور چترال کے مابین سال میں ایک دفعہ ہوتاہے اور اس کھیل کا مقصد ان علاقوں کے مابین اتحاد و محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔انھوں نے کہا کہ فیسٹیول میں گلگت اور چترال سے سات سات ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہم خیبرپختونخوا میں عمران خان کے ویژن کے تحت کھیلوں کے میدانوں میں ثقافتی کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں ہے اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے عوامی ایجنڈے کے تحت صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کو بھی سہولیات سے آراستہ کیا جارہاہے جسکا مقصد صوبے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو ترقی و ترویج دینا یے