ROSE Chitral کی جانب سے وادی گبور کے ایک نجی تعلیمی ادارے کےلئے بورڈ کی نصابی کتب فراہم کئے گئے

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )آج ROSE Chitral کے دفتر میں ایک پُر سکون اور باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گرم چشمہ کی سرحدی وادی گبور کے ایک نجی تعلیمی ادارے “المختار پبلک ہائی اسکول” کو نویں اور دسویں جماعت کے لیے KPK بورڈ کی نصابی کتب کے 54 سیٹ فراہم کیے گئے۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف معالج ڈاکٹر شہاب الدین تھے، جنہوں نے ROSE Chitral کے اس مثبت اقدام کو سراہا۔

گبور، وادیٔ گرم چشمہ کی ایک دورافتادہ اور دشوار گزار بستی ہے جہاں سرد موسم، معاشی مشکلات اور تعلیمی وسائل کی کمی نے بچوں کی تعلیم کو ایک کٹھن مرحلہ بنا رکھا ہے۔ المختار پبلک اسکول فالکن فاؤنڈیشن کے تحت ایک فلاحی کوشش ہے، جو انتہائی محدود وسائل کے باوجود نوجوان نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔ رواں سال کچھ وجوہات کی بناء پر طلبہ کو مفت کتب کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی تو اسکول کے سینئر استاد خطیب حبیب اللہ نے ROSE Chitral سے رابطہ کیا۔ ادارے نے مقامی مخیر حضرات کی مدد سے اس ضرورت کو پورا کیا اور یوں بچوں کا تعلیمی سال ایک اہم رکاوٹ سے بچ گیا۔

تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے کوئی قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے۔ 1600ء میں جب برطانیہ میں تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی جا رہی تھی تو برصغیر میں غلامی کا دور چل رہا تھا۔ برطانیہ نے تعلیم کے ذریعے دنیا کی قیادت حاصل کی جبکہ ہم پیچھے رہ گئے۔ ROSE Chitral اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے بغیر کسی بین الاقوامی فنڈنگ کے، صرف مقامی مدد اور عوامی اعتماد سے اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ہم ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس کارِ خیر میں ہمارا ساتھ دیا۔ ہمارا یہ یقین مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ اگر مقامی سطح پر اجتماعی سوچ کے تحت کام کیا جائے تو چترال جیسے علاقوں میں بھی مثبت تبدیلی ممکن ہے۔

ہم چترال اور ملک بھر کے اہل خیر سے التجا کرتے ہیں کہ ROSE Chitral کے تعلیمی مشن میں اپنا حصہ ڈالیں۔ یہ صدقہ جاریہ ہے جو صرف بچوں کا مستقبل نہیں سنوارے گا بلکہ معاشرے کو بھی ایک روشن سمت دے گا۔