چترال (نمائندہ چترال میل) چترال شہر میں سیزن کی پہلی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے ضلع بھر میں وقفے وقفے سے بارش جاری تھی، تاہم آج شام کے بعد چترال ٹاؤن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بارش نے برفباری کی صورت اختیار کر لی۔ اس کے ساتھ ہی چترال کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم سرد اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
لواری ٹنل ایریا میں اب تک تقریباً دس انچ تازہ برف پڑ چکی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق آخری اطلاعات تک لواری ٹنل روڈ پر سنو چین کے ساتھ ٹریفک بحال ہے، تاہم راستہ پھسلن کا شکار ہونے کے باعث ڈرائیوروں کو انتہائی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ رات کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر صرف ناگزیر صورت میں ہی سفر اختیار کریں۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے مطابق چترال ٹریفک پولیس، لیویز فورس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مختلف مقامات پر تعینات ہیں اور مسافروں کی مدد کے لیے الرٹ رہتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔





