چترال میں سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا،صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ چترال میں سپورٹس کمپلیکس قائم کرینگے اور شاہی پولو گراؤنڈ کے بحالی کا کام جلد شروع کرینگے۔ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ علاقائی کھیلوں کو فروغ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ لوئر چترال کے موقع پر شاہی پولو گراؤنڈ میں پری پولو شندور ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی لوئر چترال فاتح الملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں چترال سکاؤٹس اور چترال اے ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ جس میں چترال اے ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ فائنل میچ کے موقع پر بڑی تعداد میں تماشائی میچ سے لطف اندوز ہونے کیلئے موجود تھے۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر و امور نوجوانان سید فخر جہان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کی۔ انہوں نے فائنل میچ جیتنے والے ٹیم کیلئے 2 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کیلئے ایک لاکھ روپے انعام دیا۔ اس موقع پر رسہ کشی کا مقابلہ بھی ہوا۔ صوبائی وزیر کھیل نے رسہ کشی مقابلہ جیتنے والے ٹیم کیلئے 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کیلئے 30 ہزار روپے نقد انعام دیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ جتنے بھی علاقائی کھیل ہیں ان کے مقابلے تواتر کیساتھ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کرینگے اور چترال کے جتنے بھی پولو گراؤنڈز ہیں ان کے بحالی کیلئے اقدامات کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چترال میں سپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ شاہی پولو گراؤنڈ کے بحالی پروگرام پر جلد کا شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔