چترال (نمائندہ چترال میل) آغا خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ”صنفی بنیاد پر تشدد” کے موضوع پر اسٹیک ہولڈرز مشاورتی ورکشاپ کے شرکاء نے صنفی صنفی تشدد کے خاتمے کے لئے آگاہی، تمام متعلقہ محکمہ جات میں ہم آہنگی خواتین کے لئے دفاتر اور کاروبار کے جگہوں میں سازگار ماحول بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام اور آغا خان ہیلتھ سروس کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس ورکشاپ میں پولیس، سوشل ویلفیئر،پاپولیشن ویلفیئر، ضلعی انتظامیہ، عدالت، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ صحت، محکمہ ٹورزم، زنانہ ڈگری کالج، ڈسٹرکٹ بار اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی اور چترال میں آغا خان فاؤنڈیشن کے کاموں کو سراہا۔ورکشاپ کے شرکاء نے صنفی تشدد کے خاتمہ کے لئے مزید تجاویز دیتے ہوئے کہاکہ بچوں کے شعور میں ہی اس بات کو ڈالنے کے واسطے بچوں کی پرورش میں درست سمت پرکی جائے جس میں ماں اور باپ کا کردار بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے لئے معاشی ترقی بہت ضروری ہے جس کے لئے انہیں ہنر سازی فراہم کی جائے اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں بااختیار بنایا جائے۔ خواتین کے لئے تھانوں میں الگ ڈیسک قائم کرنے اور صنفی تشدد کے کیسز کو حل کرنے کے لئے ہیلپ لائن کے قیام پر بھی زور دیا گیا۔