ہنزہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) این پاک انرجی لمٹیڈ (NPAK)، انڈسٹریل پروموشن سروسز (IPS) کا ذیلی ادارہ ہے جو آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیویلپمنٹ (AKFED) کی ایک شاخ ہے اور جس کا مقصد صنعتی اور انفراسٹرکچر کوترقی دینا ہے۔گلگت۔ بلتستان کے ضلع ہنزہ میں،این پاک انرجی لمٹیڈ کے قائم کیے گئے سولر پاور پلانٹ نے کام کرناشروع کر دیا ہے۔ یہ پاور پلانٹ علاقے کو ایک میگا واٹ (1MW) بجلی فراہم کرے گا۔ اس سولر فوٹو وولٹیک پاور پلانٹ (SPP)کے ساتھ 600کلوواٹ (600kWh) کا ایک بیٹری اسٹوریج بھی قائم کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ گلگت۔ بلتستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کی پہلی اورمنفرد مثال ہے جو کلین انرجی پیدا کرنے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی میں کمی کے عالمی ایجنڈے کی تکمیل میں فعال کردار بھی ادا کرتی ہے۔
پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں گلگت۔ بلتستان کے وزیر اعلیٰ، عزت مآب، حاجی گلبر خان اور حکومت کے دیگرنمائندوں کے علاوہ مقامی کمیونٹی کے رہنماؤں اور این پاک کی انرجی مینجمنٹ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی گلبر خان نے کہ کہا کہ”حکومت گلگت۔ بلتستان کلین اور گرین انرجی کے حل کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ ہم ایک میگا واٹ کا سولر پلانٹ لگانے پر
آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہم کمیونٹیز کو یقین دلاتے ہیں کہ صوبائی حکومت گلگت۔بلتستان میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے قابل تجدید توانائی (renewable energy) کے مزید پروگراموں پر توجہ دے گی۔“ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات، راجا ناصر علی خان، مشیر اطلاعات ایمان شاہ، صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود و خواتین کی ترقی، محترمہ دلشاد بانو، وزیر اعلیٰ ٰکے سیکریٹری ثناء اللہ، سیکریٹری پانی و بجلی سجاد حیدر، سیکریٹری ورکس، جباب سبطین احمد اور دیگر سینئر سیاسی و کمیونٹی کے رہنما بھی ان کے ہمراہ موجودتھے۔
اس تاریخی منصوبہ کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے علاوہ عمل درآمد بھی این پاک نے کیاہے اور یہ گلگت بلتستان میں نجی طور پر قائم کیے جانے اور SPP پرچلایا جانے والا پہلا پاورپلانٹ ہے جس کاکسی بھی دوسرے پاورپلانٹ سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔ اس پلانٹ کے لیے سطح سمندر سے 2,800 میٹر کی بلندی پر لگائے گئے 2,376فوٹو وولٹیک پینلز نے ضلع ہنزہ کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی ہے۔سولر انرجی سے چلنے والا یہ پلانٹ سالانہ 1,600 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا جو مقامی گھروں اور کاروباری اداروں کو بجلی کی فراہمی کی صورت میں ضلع ہنزہ میں بجلی کی شدید کمی کو پورا کرنے علاوہ سالانہ تقریباً 1,134 میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ (CO2) کے اخراج میں کمی کرے گا۔
این پاک انرجی نے گلگت۔ بلتستان کی حکومت کے ساتھ 30سالہ حقوق کا ایک معاہدہ کیا ہے جس کا مقصد ضلع ہنزہ کے ہر گھر کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے وافر پیداواری صلاحیت حاصل کرنا اور ساتھ ہی کاروباری اور یوٹیلیٹی آپرینشنز کو فروغ دینا ہے۔
این پاک انرجی لمٹیڈ کے سی ای او، منصور دھنانی نے کہا کہ ”ہم خطے میں آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے قابل تجدید توانائی کے پروگراموں کے ذریعے دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے بجلی کے شعبے میں مضبوط ریکارڈ رکھتے ہیں اوراس کے باعث ہمیں گلگت۔ بلتستان کی حکومت کے ساتھ قائم کی گئی شراکت کے تحت گلگت۔ بلتستان میں ہمیں اپنے کام کو فروغ دینے پر فخر ہے، جس سے مقامی کمیونٹیز کو پائیدار توانائی ملے گی۔ ہم ضلع ہنزہ میں این پاک انرجی کی مسلسل ترقی اور کامیابی کے لیے اْمید رکھتے ہیں۔“
این پاک انرجی نے شمولیتی مالیاتی سرمایہ کاری کی بنیاد پر ایک مالیاتی ماڈل تیار کیا ہے جو ایکویٹی، قابل برداشت قرض اور گرانٹ فنانسنگ کا مجموعہ ہے۔ سرمایہ کاری کے لیے ایک مکمل دائرہئ کار حاصل کر کے این پاک کا مقصد پائیدار، خود کفیل اور مفید سرگرمیاں شروع کر کے عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانا ہے۔ اس سے معاشی مواقع حاصل ہونے کے ساتھ روزگار کے ذرائع بھی پیدا ہوں گے۔یہ سماجی اور پائیدار ترقی کی صورت میں خدمات کے لیے جدید اور مؤثر حل پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے جس پر گلگت۔ بلتستان کے دوسرے ضلعوں میں بھی عمل کیا جا سکتا ہے۔