چترال (نمائندہ چترال میل) چترال بھر میں یوم آزادی انتہائی جوش وخروش اور اس عزم سے منایا گیا کہ اس مملکت خداداد کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے اور اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ چترال میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب پریڈ گراونڈ میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال نوید احمد، ایم این اے چترال مولانا عبدالاکبر چترالی اور ڈی پی او عبدالحئی نے پرچم کشائی کی اور مقامی سکولوں کے طلباء نے قومی ترانہ سنایا اور اس ملی نغمے پیش کئے گئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ایم این اے عبدلاکبر چترالی نے یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لئے جس الگ اسلامی مملکت کا خواب دیکھا تھا، اس دن 1947ء کوقائداعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کی قربانی اور انتھک جدوجہد سے شرمند ہ تعبیر کرکے حقیقت کا روپ دے دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کلمہ طیبہ کے نام پر قائم اس مملکت کے لئے کشمیر کو شہ رگ کی حیثیت دی تھی اور پاکستان کے نقشے کو اس کے بغیر نامکمل قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں حکومت پاکستان نے پاکستان کے نقشے میں سری نگر سمیت جموں وکشمیر کو شامل کردی ہے اور ہندوستان کو یاد رہے کہ اس نقشے میں رنگ بھرنے کے لئے پاکستان کا 22کروڑ عوام اپنے افواج کے شانہ بشانہ میدان میں کھڑ ے ہونے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کا پہاڑ توڑنے والوں کو نوشتہ دیوار پڑھنا چاہئے کہ جہاد کے ذریعے کشمیر کی آزادی اب بہت دور نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد نے یوم آزاد ی پر عوام کو مبارک باد ی پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ قدرتی، جغرافیائی، نظریاتی اور ہر لحاظ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور بن کے رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ 13اگست کو چترال میں سیاحوں کے ساتھ حادثے کی وجہ سے چترال کا فضا سوگوار ہے اور یوم آزادی اس لئے سادگی سے منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کرنے والے طلباء میں ایم این اے چترال مولانا عبدالاکبر چترالی نے انعامات تقسیم کئے۔ اے کے آر ایس پی کے ریجنل پروگرام منیجر سردار ایوب،ایس آر ایس پی کے ڈی پی ایم طارق احمد، ڈی ایف سی فضل باری، ڈپٹی ڈی ای او عبدالمالک، تحصیل میونسپل افیسر مفتاح الدین، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر عبدالرحمت اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء اپر چترال کے ہیڈ کوارٹرز بونی کے مقام پر بھی یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئے جن میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود اور دوسرے افسران نے شرکت کی۔ یوم آزادی کی تقریبات مستوج، وریجون، لاسپور، یارخون، شاگرام، کوشٹ، ریشن، برنس، گرم چشمہ، کریم آباد، ارکاری، دروش، ایون، بمبوریت، شیشی کوہ، عشریت، مداک لشٹ اور ارندو میں بھی منعقد ہوئے۔
تازہ ترین
- ہومماڈل یوناٸٹیڈ نینشنز کانفرنس Model United Nations Conference,(MUN) الخدمت فاٶنڈیشن اسکول قتیبہ کیمپس چترال میں (MUN) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
- مضامینپھول جیسے بچپن پر ظلم: بچوں سے مشقت اور بھیک منگوانے کا بڑھتا ہوا رجحان۔۔تحریر: بشیر حسین آزاد
- ہومضلع لوئر چترال پولیس میں 07 نئے جوان شامل، ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان (PSP) نے تقرر نامے تقسیم کر دیے۔
- ہومضلعی پولیس سربراہ کی قیادت میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں بدستور جاری
- ہومضلعی پولیس سربراہ کی قیادت میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں بدستور جاری
- ہومچترال اسکاؤٹس نے چترال لیویز کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی
- ہوم*پرنس رحیم آغا خان کے دورہ لوئر چترال کے سلسلے میں آر۔پی۔او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کا تھانہ لٹکوہ اور دیدار گاہ گرم چشمہ کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
- مضامیندھڑکنوں کی زبان ۔۔محمد جاوید حیات ۔۔”یہ سسٹم کیا بلا ہے “
- ہومچترال لوئر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینئر کی سیٹ سات ماہ سے خالی، عوام و کنٹریکٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا
- ہومچترال میں اگیگا کا احتجاجی مظاہرہ، مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی



