پشاور (نمائندہ چترال میل) نشے سے پاک چترال مہم کے تحت ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی کاوشوں سے منشیات کے عادی 24 افراد کو بحالی کے لیے پشاور منتقل کیا گیا ہے۔ یہ افراد اب طبی اور پیشہ ورانہ نگرانی میں ہیں، اور ان کی بحالی کا عمل کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ لوئر چترال اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے باہمی تعاون سے شروع ہونے والا یہ پروگرام اپنے پہلے مرحلے میں ہی نمایاں کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ پشاور میں زیرِ علاج ان افراد کی ڈیٹوکسفیکیشن کے مرحلے میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر صحیح رہنمائی اور وسائل فراہم کیے جائیں تو منشیات کی لعنت سے نجات ممکن ہے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس بحالی پروگرام کا مقصد صرف جسمانی علاج تک محدود نہیں بلکہ اس میں نفسیاتی اور معاشرتی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ یہ افراد مکمل صحت یابی کے بعد معاشرے میں ایک باعزت اور فعال زندگی گزار سکیں۔ یہ کامیابی معاشرتی بہبود اور صحت مند چترال کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔





