ڈپٹی کمشنر نوید احمداور کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل علی ظفر سے بلچ روڈ کی مرمت میں منصوبہ بندی اور کوالٹی کنٹرول کے فقدان کا نوٹس لینے کی استدعا۔ عمائدین چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)چترال کے سیاسی،سماجی اور کاروباری حلقوں نے بازار اور بلچ کو ملانے والی سڑک کی مرمت پر کام شروع کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اورساتھ سڑک کی ناقص کی مرمت پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر اور کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس سے مطالبہ کیا ہے کہ انجینئر کی ناتجربہ کاری اور ٹھیکہ دار کی دونمبری پرکڑی نظر رکھی جائے ایک اخباری بیان میں ان حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انجینئر اور ٹھیکہ دار سڑک کے کنارے زیر زمین واٹر سپلائی پائپ،ٹیلیفون لائن اور آپٹک فائبرکے ساتھ برلب سڑک بجلی کے کھمبوں کو اکھاڑ کر چلے جائینگے پھر متعلقہ محکمے دوسالوں تک سڑک کو جگہ جگہ سے کھود کران کی مرمت کرتے رہینگے دنیا بھر میں یہ دستور ہے کہ سڑک کی مرمت کرتے وقت دوسرے محکموں کی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچایا جاتا اور اگر ایسا کرنا بالکل ناگزیز ہوتو اُن محکموں کو بلاکر پہلے ہی نقصان کا ازالہ کیاجاتا ہے اور یہ ٹھیکہ دار کی ذمہ داری ہوتی ہے۔چترال میں لوکل باڈیز اور عوامی نمائندوں کی غیر موجودگی میں ٹھیکہ دار یا متعلقہ ناتجربہ کار انجینئر کے دونمبر کام کی نگرانی کرنے والا کوئی نہیں اس لئے ضلعی انتظامیہ چترال ٹاسک فورس اورمتعلقہ ایجنسیوں کا کام ہے ٹاون کے اندر ایک اہم سڑک کی مرمت کے کام کی موثر نگرانی کریں۔سیاسی،سماجی اور کاروباری حلقوں نے لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر نوید احمداور کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل علی ظفر سے بلچ روڈ کی مرمت میں منصوبہ بندی اور کوالٹی کنٹرول کے فقدان کا نوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔