گورنمنٹ پرائمری سکول موژدہ کوشٹ میں چوکیدار کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے بیٹے کو چوکیدار بھرتی نہ کرنے پر سکول کی تالہ بندی کی دھمکی۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)گورنمنٹ پرائمری سکول موژدہ کوشٹ میں چوکیدار کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے بیٹے کو چوکیدار بھرتی کرنے کی بجائے دور کے کسی گاؤں سے تعلق رکھنے والے شخص کو ملازمت دینے کے خلاف علاقے کے عوام نے احتجاج جاری رکھا جس میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈی ای او کے خلاف انکوائری کرنے سمیت اس آرڈر کو منسوخ کرکے سکول کے لئے زمین دینے والے رحمت خان کے بیٹے نذیر احمد کی تعیناتی کیلئے حکومت کو ایک ہفتے کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے اعلان کیا کہ مطالبہ منظور نہ ہونے کی صورت میں وہ سکول کی تالہ بندی پر مجبور ہوں گے۔ سکول کے سامنے احتجاجی دھرنے میں شریک مظاہرین نے کہاکہ معاہدے کے مطابق رحمت خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس ملازمت کو ان کے بیٹے کو دیا جانا چاہئے تھا لیکن سیاسی مداخلت کی بنا پر ڈی ای او احسان الحق نے دوسرے گاؤں سے غیر مقامی شخص اسرا راحمد کو چوکیدار بھرتی کیا ہے۔ دھرنے کے شرکاء نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔