خروزگ کی رہائشی اسلام الدین نے چیف جسٹس آف پاکستان اوریگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے چچااور دوسروں کی طرف سے ان پر ظلم کی انتہاکا سخت نوٹس لیاجائے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) خروزگ یارخون ویلی کی رہائشی اسلام الدین نے چیف جسٹس آف پاکستان،وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے چچااور دوسروں کی طرف سے ان پر ظلم کی انتہاکا سخت نوٹس لیا جائے جوکہ ان کو پدری جائیداد سے محروم کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ چترال پریس کلب میں میڈیا کے سامنے اپنی حالت زار بیان کرتے ہوئے کہاکہ چھ سال کی عمر میں باپ کا سایہ سر سے اٹھ جانے کے بعد ان کی ماں نے دوسری شادی کرلی اور وہ دنیا میں تن تنہا رہ گئے اور چچا شیر گوڑی خان اور دوسروں نے ان کو تعلیم سے بھی محروم رکھا اور ان کے لئے حالات اتناتنگ کردیاکہ وہ تب سے پنجاب اور دوسرے علاقوں میں محنت مزدوری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے چچا نے گاؤں میں موجود اپنی برادری اور دوسرے خاندانوں کے لوگوں کو ساتھ ملاکر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ان کی زمینات پر قبضہ کیا ہوا ہے لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اور ان کے چھوٹے بھائی کرم الدین اب انتہائی بے سروسامانی اور بے کسی کے عالم میں زندگی کے دن گن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ انہوں نے بڑی توقعات وابستہ کرکے انصاف کے حصول کا انتظار کررہے ہیں۔