مہتر چترال فتح الملک ناصر کی قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سے ملاقات؛ جے یو آئی میں شمولیت

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل) چترال کے شاہی خاندان کے نامور شخصیت اور مہتر چترال فتح الملک ناصر نے اتوار کے روز اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باضابطہ طور پر جمعیت میں شامل ہونے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ اس ملاقات میں چترال سے سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن اور خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان سمیت جے یو آئی چترال کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے مہترچترال کے جمعیت میں شامل ہونے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہیں جے یو آئی میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر مہترچترال نے کہا موجودہ وقت میں مولانا فضل الرحمن کی امت کی قیادت کا حق ادا کررہے ہیں اور وقت کا تقاضا ہے کہ اس جدوجہد میں مولانا کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔ مہتر چترال نے مولانا فضل الرحمن کو دورہ چترال کی دعوت دی جنہیں قائد جمعیت نے قبول کرتے ہوئے عنقریب چترال کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گوکہ مہتر چترال اب جمعیت علماء اسلام میں شامل ہوچکے ہیں تاہم ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اس کا باضابطہ اعلان چترال میں ایک بڑے جلسے میں کیا جائیگا جسمیں توقع ہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔