خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے مزید 1395سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب کے قیام کی منظوری دی۔

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے مزید 1395سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران سرکاری سکولوں میں اب تک 1340آئی ٹی لیب قائم کی جا چکی ہیں اور پانچ سالہ مدت کی تکمیل تک آئی ٹی لیبس کی یہ تعداد2735ہو جائے گی اور کوئی بھی سکول آئی ٹی لیب کے بغیر نہیں رہے گا۔واضح رہے کہ موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے سے قبل سرکاری سکولوں میں صرف 170آئی ٹی لیب تھیں۔یہ منظور ی انہوں نے پیر کے روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش،سپیشل سیکرٹری قیصر عالم،ایڈیشنل سیکرٹری ارشد خان، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ شہباز خان اور ڈائریکٹر تعلیم رفیق خٹک نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں آئی ٹی لیب کے قیام اور پہلے سے قائم آئی ٹی لیب کو سیکنڈ شفٹ میں کمیونٹی کے لئے کھولنے پر تفصیلی غور و خوض ہوا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلی شفٹ میں آئی ٹی لیب طلبہ کے زیر استعمال رہیں گی اور انہیں اگلی شفٹ میں کمیونٹی کے لئے کھولا جائے گا انہوں نے کہا کہ یہ لیب ملک کے نامی گرامی آئی ٹی اداروں کے حوالے کی جائیں گی جو عوام کو سیکنڈ شفٹ میں مارکیٹ سے کم رعایتی فیسوں پر بہترین آئی ٹی پروگرام پیش کریں گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور آئی ٹی کا ہے اور اس کے بغیر شعبہ تعلیم ادھورا ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ تمام سرکاری سکولوں میں آئی ٹی کو عام کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پہلے ہی سرکاری سکولوں میں ارلی ایج پروگرامنگ شروع کر چکا ہے اور مزید کئی پروگرام زیر غور ہیں۔عاطف خان کاکہنا تھا کہ1395آئی ٹی لیب کے قیام پر تقریباً4ارب روپے خرچ ہوں گے اور انہیں ہر حال میں چھ ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔