خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں سی پیک اور نا ن سی پیک تمام منصوبوں کیلئے خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کی منظوری دی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں سی پیک اور نا ن سی پیک تمام منصوبوں کیلئے خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کی منظوری دی ہے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے حفاظتی انتظامات شامل ہیں۔ یہ سکیورٹی صنعتی تنصیبات کے علاوہ سرمایہ کاروں کی سفری سرگرمیوں کے دوران حفاظت کیلئے بھی یقینی بنائی جائے گی۔سپیشل سکیورٹی فورس 4200 جوانوں پر مشتمل ہو گی جن میں اعلیٰ تربیت یافتہ تمام مستقل و عارضی اہلکار شامل ہوں گے۔انہوں نے اس ضمن میں پاک فوج کے سیکورٹی ڈویژن کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے اس مقصد کیلئے محکمہ داخلہ اور پولیس ہیڈکوار ٹر کے علاوہ صوبے کے تمام ریجنز میں خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اس حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے منصوبہ بندی وترقیات میاں خلیق الرحمن، چیف سیکرٹری عابد سعید، سیکرٹری داخلہ شکیل قادر، آئی جی پولیس صلاح الدین، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات شہاب علی شاہ،سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس مقصد کیلئے سیکورٹی انتظامات کو مستقل، طویل اور مختصر مدت کی منصوبہ بندی اور طریقہ کار کے تحت نمٹانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کئی فیصلے کئے گئے۔پرویز خٹک نے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ باہمی صلاح مشورے سے اس خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کیلئے درکار ضروریات کو حتمی شکل دیں اور ان کی روشنی میں معاملات کو بروقت نمٹائیں انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فورس کے قیام کیلئے درکار وسائل کا واضح تعین کریں اور یقین دلایا کہ ان کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس نئی فورس کو پولیس کے ریپیڈ ریسپانس فورس کی طرز پر منظم کیا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری حکمت عملی اور کاروائی کے قابل بنے۔نئی فورس کا رابطہ ریگولر پولیس فورس سے براہ راست ہو گاجبکہ تمام اضلا ع میں اس کی تعیناتی ایک واضح ویژن کے تحت یقینی بنائی جائے گی۔فورس ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، صنعتی بستیوں اور ضرورت کے مطابق صوبے میں کہیں بھی سیکورٹی کی ذمہ داریوں کیلئے تعینات کی جا سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فورس کیلئے جوانوں کی بھرتی اور خالی آسامیوں پر تعیناتی کے علاوہ ٹیکنکل بنیاد پر دوسرے شعبوں سے اہلکاروں کی شمولیت کی واضح حکمت عملی وضع کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فورس کیلئے درکار وسائل اور سازو سامان کی فوری فراہمی یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بیجنگ میں اگلے ہفتے منعقدہ روڈ شو کے دوران سیکورٹی پلان کا خاکہ بھی پیش کرے گا تاکہ صوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کوپر کشش ترغیبات کے علاوہ شخصی اور سرمائے کی سیکورٹی کا بھر پور احساس دلایا جا سکے۔