ارگنائزر ڈسٹرکٹ یوتھ چترال و یو تھ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال عبدالوہاب کی طرف سے چترال کے بیس سے زیادہ فٹبال ٹیموں میں سپورٹس کٹس تقسیم کئے گئے۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ارگنائزر ڈسٹرکٹ یوتھ چترال و یو تھ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال عبدالوہاب کی طرف سے چترال کے بیس سے زیادہ فٹبال ٹیموں میں سپورٹس کٹس تقسیم کئے گئے۔ امیر جماعت اسلامی و ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال مولانا جمشید احمد ضلع کونسل ہال میں منعقد ہونے والے اس پُر وقار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں صدر جے آئی یوتھ وجیہ الدین، ناظم ویلج کونسل جغور سجاد احمد، فخر اعظم سپورٹس اینڈ کلچر، اور کلیم اللہ شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرگنائزر یوتھ عبدالوہاب نے کہا۔ کہ نوجوانوں کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ اور اسی مقصد کے پیش نظر بلدیاتی سیٹ اپ میں شامل ہوئے تھے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے۔ کہ یوتھ فنڈ کو اُن پر خرچ کرنے کی بجائے مختلف ڈویلپمنٹ سکیموں پر خرچ کیا گیا۔ اور فنڈ کا بڑا حصہصوبائی حکومت کی کٹوتی کی بھینٹ چڑھ گیا۔ جس کی وجہ سے یوتھ کے مسائل حل نہیں کئے جا سکے۔ تاہم ان کی کوششین جاری ہیں۔ اور آیندہ اُن کے فنڈ کو کسی اور مد میں استعمال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ وہ شفاف طریقے پر یقین رکھتے ہیں۔ اور اب تک یوتھ کے فنڈ میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی نہیں ہوئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید نے کہا۔ کہ نوجوان ملک و قوم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اور ملک اور اسلام کی سب سے زیادہ خدمت نوجوانوں نے کی ہے۔ اسلام صحت مند کھیلوں سے منع نہیں کرتا۔ کیونکہ ان کھیلوں سے منفی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو دور رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے یوتھ پر زور دیا۔ کہ کھیل ضرور کھیلیں۔ لیکن اپنے رب کو نہ بھولیں اور دینی ذمہ داریوں سے بھی غافل نہ ہوں۔ مولانا جمشید نے کہا۔ کہ ملک کی بد قسمتی ہے۔ کہ 70سال گزرنے کے باوجود ہم کرپشن سے چھٹکارا نہ پا سکے۔ اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ ہم یوتھ کو بھر پور سپورٹ کریں گے۔ اس سلسلے میں یوتھ کے پاس اگر اپنا کوئی ایجنڈا موجود ہے۔ تو اس کو بھی آگے لے جانے کیلئے ہم تیار ہیں۔ تقریب سے ناظم سجاد احمد اور صدر جے آئی یوتھ وجیہ الدین نے بھی خطاب کیا۔ بعد آزان مختلف ٹیموں میں کٹس تقسیم کئے گئے۔