وزیراعظم شہباز شریف سے ’اڑان اوورسیز اسکالرز‘ کے وفد کی ملاقات، ملکی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار پر گفتگو

Print Friendly, PDF & Email

​چترال (نمائندہ چترال میل)
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے “اڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام” (Uraan Overseas Pakistan Summer Scholars Programme) کے تحت پاکستان میں انٹرنشپ کرنے والے غیر ملکی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ایک وفد نے ملاقات کی۔
​ملاقات میں شامل سمندر پار پاکستانی طلبہ نے وطن واپس آکر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد کے شرکا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات ان کے لیے ایک انتہائی خوش آئند اور یادگار تجربہ رہا۔ انہوں نے ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے وزیراعظم کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں وطنِ عزیز کی خدمت کے لیے وقف کرنے کے لیے تیار ہیں۔
​​ اس معزز وفد میں چترال سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی رحیم بیگ لال کی صاحبزادی صباحت رحیم بیگ بھی شامل تھیں۔ انہوں نے بھی دیگر اسکالرز کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی اور تعلیم و تحقیق کے میدان میں سمندر پار پاکستانیوں کی نمائندگی کی۔ چترال کے صحافتی اور عوامی حلقوں نے صباحت رحیم بیگ کی اس انٹرنیشنل اسکالرز پروگرام میں شمولیت اور وزیراعظم سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔
​ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوان اسکالرز کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور طحکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔