چترال (نمائندہ چترال میل )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) نے ڈی پی او آفس بلچ میں رواں ہفتے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔
اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ بہترین کارکردگی، دیانتداری، عوام سے حسنِ سلوک اور فرض شناسی ہی ایک مثالی پولیس فورس کی پہچان ہیں۔ ایسے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی سے فورس کا مورال بلند ہوتا ہے اور خدمتِ خلق کا جذبہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لوئر چترال پولیس میں سزا و جزا کا نظام مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رہے گا، جہاں ایمانداری، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ غفلت اور بدانتظامی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





