چترال (نمائندہ چترال میل)گزشتہ شب ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے پینے کے پانی کی فراہمی کی متعدد اسکیموں، آبپاشی کی نہروں اور رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث متاثرہ آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے حیدر ایوب خان تحصیل میونسپل آفیسر (ٹی ایم او) ٹی ایم اے چترال نے فوری طور پر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کو متحرک کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹی ایم اے کا واٹر ٹینکر اور ایمرجنسی عملہ بروز سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا گیا، جہاں متاثرہ خاندانوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر ضروری امدادی خدمات مہیا کی گئی۔
ٹی ایم اے چترال کے حکام کے مطابق ادارہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کی بحالی، نقصانات کا تخمینہ لگانے اور دیگر بنیادی سہولیات کی جلد بحالی کے لیے امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
ٹی ایم اے چترال نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قدرتی آفت کی اس گھڑی میں متاثرہ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جاتا رہے گا۔



