لوئر چترال میں نوجوانوں کے لیے پانچ روزہ آرٹ و کاروباری تربیتی ورکشاپ مکمل، شرکاء کے آن لائن اسٹورز بھی قائم

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (نمائندہ چترال میل) ڈسٹرکٹ یوتھ آفس لوئر چترال نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی ہدایات اور تعاون سے نوجوانوں، بالخصوص خواتین، کے لیے پانچ روزہ ’’پینٹنگ آرٹ، خطاطی اور فروغِ کاروبار‘‘ تربیتی ورکشاپ کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، فنی مہارتوں میں اضافہ کرنا اور ان کے ہنر کو باقاعدہ کاروبار کی شکل دینے میں معاونت فراہم کرنا تھا۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء کو پینٹنگ آرٹ اور خطاطی کی عملی تربیت دی گئی جبکہ انہیں اپنے فن پاروں کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ، برانڈنگ اور آن لائن کاروبار کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پینٹنگ اور خطاطی کی تربیت معروف ٹرینر آنہا الرحمن نے فراہم کی، جبکہ کاروباری ترقی اور مارکیٹنگ سے متعلق سیشنز محمد نایاب نے منعقد کیے۔
پروگرام کے ایک اہم حصے کے طور پر شرکاء کو ای کامرس سے بھی متعارف کرایا گیا۔ اس سلسلے میں قشقار کے زیرِ انتظام چلنے والی ای کامرس ویب سائٹ ’’چترال شاپ ڈاٹ کام‘‘ پر تمام شرکاء کے لیے آن لائن اسٹورز قائم کیے گئے، جہاں وہ اپنی تخلیقات کی فروخت کر سکیں گے۔ ان اسٹورز کی تکنیکی معاونت اور انتظامی امور بھی چترال شاپ کی جانب سے انجام دیے جائیں گے۔
ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال تھے۔ اس موقع پر شرکاء کی تیار کردہ پینٹنگز، اسکیچز اور خطاطی کے فن پاروں کی نمائش بھی پیش کی گئی، جسے مہمانوں نے سراہتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس کی کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان اس تربیت سے حاصل ہونے والی مہارتوں کو بہتر مستقبل اور باعزت روزگار کے حصول کے لیے بروئے کار لائیں۔
تقریب میں ضیاء الرحمٰن (سی ای او، ضیاء الہنر)، ہدایت اللہ (چیئرمین، روز چترال)، فدا الرحمٰن (ڈائریکٹر، اسامہ وڑائچ کیریئر اکیڈمی) اور محمد نایاب (سی ای او، قشقار بزنس اینڈ ٹی وی) سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے نوجوانوں میں ہنر، تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری سوچ کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس کی اس کاوش کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، خود روزگاری کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔