چترال(نمائندہ چترال میل)چترال کے معروف روحانی و سماجی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی نے لوٹ اویر میں آتش زدگی سے تباہ ہونے والے گھر کے مالک متاثرہ خاندان سے دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مکان کیلئے ٹین کی چادریں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمرے کے مبارک سفر پر موجود قاری فیض اللہ چترالی نے مکہ مکرمہ سے شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان کاکا خیل سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے بتایا کہ متاثرہ خاندان کو میری طرف سے ہمدردی کے جذبات پہنچائیں اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کریں۔
اس موقع پر قاری فیض اللہ چترالی نے کہا کہ ان شائاللہ اس مکان کی از سر نو تعمیر کی تکمیل پر ان کی ٹیم مکان کیلئے درکار ٹین کی چادریں خود پہنچا دے گی۔ قاری صاحب نے متاثرہ خاندان کے ساتھ دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مشکل کی گھڑی میں ان کی کامل مدد فرمائے اور جس قدر بھی نقصان ہوا ہے اس کا مکمل ازالہ فرمائے۔
شاہی مسجد کے خطیب مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے اس موقع پر اپنے بیان میں بتایا کہ قاری صاحب کی جانب سے ناگہانی حادثات کا شکار ہونے والے افراد اور خاندانوں کے ساتھ اس طرح کا تعاون کوئی نئی بات نہیں، قاری صاحب نے ہمیشہ چترال کے کونے کونے میں ایسی خدمات انجام دی ہیں اور سینکڑوں خاندانوں کو مکانوں کی تعمیر میں تعاون فراہم کیا ہے۔
واضح رہے کہ پختوری اویر اپرچترال میں گذشتہ روز قاری آسد اللہ کیگھر میں سلینڈر لیکچ کے بعد آتشزدگی سے پورا گھر جل کر خاکستر ہوگیا جس میں گھر کے کمرے میں موجود ایک بچی بھی جان بحق ہوگئی تھی۔