نیوز ( نمائندہ چترال میل )خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے وادی کالاش میں سیاحت کے فروغ اور قدرتی ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے. یہ ہدایت انہوں نے محکمہ سیاحت میں منگل کے روز کالاش ویلیز ڈولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف اتھارٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر دی. کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف اتھارٹی کا اجلاس چیئرمین شہزادہ مقصودالملک کی زیرصدارت منعقد ہوا. اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کے وی ڈی اے منہاس الدین، محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و میوزیم کے اعلیٰ حکام اور بورڈ ممبران نے شرکت کی، اجلاس کا مقصد کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے اتھارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں اتھارٹی کے مالی امور، رولز، مختلف کمیٹیوں کی تشکیل، سٹاف اور آفس کی دستیابی اور فیلڈ فارمیشن کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا. ڈی جی کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی منہاس الدین نے اب تک کی پیشرفت، مسائل اور مختلف تجاویز کے حوالے سے اجلاس کو بریف کیا. اجلاس میں کالاش ویلیز میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی امور کے حوالے سے مجوزہ قواعد و ضوابط پر تفصیلی پریزینٹیشن بھی دی گئی. نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت نے وادی کالاش کی قدرتی خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے موجودہ وسائل بروئے کار لانے کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے قدرتی ماحول کے ساتھ ساتھ اس کے تاریخی آرکیٹیکچر، منفرد ثقافت کا تحفظ نہایت ضروری ہے. اجلاس میں سیاحت کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے، فضلہ کا انتظام اصولوں کے مطابق کرنے، سیاحوں میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے اور علاقے کی حیاتیاتی تنوع کا تحفظ یقینی بنانے جیسے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا. میٹنگ میں مروجہ قوانین کے تحت کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا اور اس میں بہتری لانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں کے وی ڈی اے کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے۔ نگران وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لائیں، فیصلوں پر پیش رفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں اور شفافیت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ اجلاس کا انعقاد یقینی بنائیں. نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ،ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اتھارٹی کے فعال کردار میں کمیٹیوں کے کردار پر بھی بات کی اور کمیٹیوں کو جلد فعال کرنے کی ہدایت کی تاکہ اتھارٹی کے تحت اقدامات باہم مشاورت کے ساتھ اگے بڑھائے جاسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔