سنیٹر طلحہ محمود کومنگل کے روز چترال آمد پر لواری ٹنل کے مقام پر پرتپاک طور پر استقبال کرنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (نمائندہ چترال میل) جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے چترال سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ون کا نامزد امیدوار سابق وفاقی وزیر سنیٹر طلحہ محمود کومنگل کے روز چترال آمد پر لواری ٹنل کے مقام پر پرتپاک طور پر استقبال کرنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جس کے لئے پارٹی کارکن گزشتہ کئی دنوں سے دن رات تیاریوں میں مصروف تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق طلحہ محمود کا استقبال تاریخی بناکر وہ سیاسی مخالفین پر دھاک بیٹھانا اور ضلعے میں اپنی سیاسی قوت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں جبکہ پروگرام کے مطابق انہیں پانچ سو سے ذیادہ موٹرگاڑیوں کی جلوس میں لواری ٹنل سے چترال شہر لایا جائے گا جہاں وہ بائی پاس چوک میں جلسہ عام سے خطاب کرکے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ پارٹی کارکن چترال شہر سے لواری ٹنل تک مختلف مقامات پر آرائشی محراب سجانے میں مصروف ہیں جہاں سنیٹر طلحہ محمود پر گل پاشی کرکے انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔جے یو آئی لویر چترال کے جنرل سیکرٹری حافظ انعام میمن نے مقامی میڈیاکو بتایاکہ استقبال کو تاریخی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ اگیا ہے اور چترال کے عوام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر ان کا نہ صرف استقبال کریں گے بلکہ انہیں ووٹ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سنیٹر طلحہ محمود کا نام اہالیان چترال کے لئے نیا نہیں ہے جس نے کووڈ 19کے دوران چترال کے طول وعرض میں پیکج تقسیم کرکے مصیبت زدہ عوام کی خبر گیری کی تھی۔