خیبرپختونخوا کی سینٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ورچوئل وزٹنگ پوائنٹس قائم، جس کی بدولت قیدی اپنے رشتہ داروں سے آن لائن ملاقات کر سکیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

 

پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخوا کی سینٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ورچوئل وزٹنگ پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں جس کی بدولت دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے قیدی اپنے رشتہ داروں سے آن لائن ملاقات کرسکیں گے۔ بریفنگ

خیبرپختونخوا جیل اصلاحات بارے جائزہ اجلاس وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل،
صوبائی محتسب، ڈی جی پراسیکیوشن، آئی جی جیل اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ عابد مجید نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ
خیبرپختونخوا کی سینٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ورچوئل وزٹنگ پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں جس کی بدولت دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے قیدی اپنے رشتہ دار سے آن لائن ملاقات کرسکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ میں قیدیوں کو ملاقات کے دوران سہولت کیلئے ماڈل انٹرویو روم بنادیا گیا ہے جس کا دائرہ کار صوبے کی دیگر جیلوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔
جبکہ خیبرپختونخوا کی 14 جیلوں میں تعلیم بالغاں خواندگی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں اور قیدیوں کے علاج کے لیے 18 جیلوں میں قرشی کے تعاون سے کلینکس بھی بنائے گئے ہیں جہاں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی نگران کمیٹی کے جیلوں میں سہولیات بارے سات اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جبکہ صوبائی و ضلعی نگران کمیٹیوں نے مختلف جیلوں کی بلترتیب 18 اور 156 دورے کئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کم عمر بچوں اور خواتین کو دیگر قیدیوں سے علیحدہ رکھا جا رہا ہے اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں جیل اصلاحات کے حوالے سے اقدامات اطمینان بخش ہیں۔ جیلوں میں مزید بہتری لانے اور گنجائش بڑھانے کے لئے مسلسل کوشش جاری رکھی جائیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا کہنا تھا کہ جیلوں میں اصلاحات لانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قیدیوں کو مفید شہری بنانے کیلئے مفت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے جسکے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی جانب سے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کو خیبرپختونخوا کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے بنائی جانے والی مصنوعات بھی پیش کی گئیں۔