چترال (نمائندہ چترال میل) پی ٹی آئی (پارلیمنٹرین)کے چیرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام کو سبز باغ دیکھا کر ان کا ووٹ جیت لیا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد روایتی سیاستدانوں کی طرح ناکام ثابت ہوئے اور ان کے تمام وعدے قصے اور کہانی ثابت ہوئے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لئے ملک میں انتشار پھیلایا اور افواج پاکستان کے ساتھ برسرپیکار ہوکر اپنی اصلیت ظاہر کردی اور ان حالات میں ان سے راہیں جدا کرنے کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں تھا۔ منگل کے روز چترال میں ایک گرینڈ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان بھی ان سیاستدانوں کی طرح ثابت ہوا جوکہ اس ملک کی بدتری اور ابتری کے ذمہ دار ہیں جن کی بد اعمالیوں، نااہلی،ختم نہ ہونے والی لالچ اور بدعنوانی کی وجہ سے وطن عزیز میں نا انصافی، بے روزگاری اور غربت عام ہوگئی اور اس کی معاشی حالت افغانستان اور بنگلہ دیشن سے بدترہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو اُس فوج کے ساتھ لڑنے کا حکم دیا جوکہ اس ملک کو بیرونی دشمنوں سے بچاتی ہے اور اگر انہیں جہادکرنے کا شوق تھاتو کشمیر اور فلسطین میں میدان جاکر اس شوق کو پوراکرسکتے تھے نہ کہ اپنی فوج کے خلاف صف آرا ہوکر۔ پرویز خٹک نے کہاکہ سیاست میں چالیس سال تک مختلف سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈروں سے مایوس ہونے کے بعد ہم خیال اور ملک وملت کے لئے درد رکھنے والے دوستوں سے مشورے کے بعد الگ سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیااور امن، ترقی اور خوشحالی کو اپنی پارٹی کے لئے منشور بناکر عوام میں نکل آئے ہیں اور صوبے کے جس ضلعے میں وہ جاتے ہیں، وہاں بہترین اور دیانت دار لوگ ان کے ہاں میں ہاں ملاکر ان کے جماعت میں جوق درجوق شمولیت اختیار کررہے ہیں اور اس پارٹی کو آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیاکہ صوبے میں اقتدار ملنے کی صورت میں وہ پہلے کی طرح صوبے کے حقوق وفاق سے حاصل کرکے رہیں گے اور اس بار صوبے کے پسماندہ اور دورافتادہ اضلاع کو ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لائے جائیں گے اور چترال سے لے کر وزیر ستان اور شانگلہ تک کے عوام حقیقی ترقی سے ہمکنار ہوں گے۔ پرویز خٹک نے لویر چترال میں دروش تحصیل کے چیرمین شہزادہ خالد پرویز کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ موقع ملنے پر چترال میں ترقی کے منصوبے مکمل کریں گے جن میں چترال کو سی پیک روٹ کے ذریعے گلگت بلتستان سے ملانا شامل ہے اور یہ منصوبہ چترال کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا جبکہ اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں انہوں نے اسے منصوبے میں شامل کرایا تھا۔انہوں نے چترال کے لوگوں میں نظم وضبط اور ڈسپلن کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کاش پورے پاکستان کے لوگ ان کی طرح ہوتے تو ملک کی تقدیر سنور جاتی۔
اس سے قبل پارٹی کے وائس چیرمین محمود خان نے خطاب کرتے ہوئے اپنے دور حکومت میں مختلف شعبہ جات میں ریفارمز اور ترقیاتی کاموں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ان میں بعض کام اس لئے ادھورے رہ گئے کہ سات ماہ قبل عمران خان نے حکومت ختم کردی۔ انہوں نے کہاکہ دیر موٹر وے کے منصوبے میں زمین کی خریداری کے لئے 5ار ب روپے کی کثیر رقم مہیا کردی تھی اور اس روڈ پراجیکٹ کی تکمیل پر چترال کو سب سے ذیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے لویر چترال میں شہزادہ خالد پرویز اور اپر چترال میں حاجی غلام محمد کی پارٹی میں شمولیت کو علاقے کے لئے نیگ شگون قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ آنے والے الیکشن میں ان پر بھرپور اعتماد کا مظاہر ہ کرے تاکہ یہاں ترقی کا عمل دوبارہ شروع کیا جاسکے۔
تحصیل دروش کے تحصیل چیرمین اور آنے والے الیکشن میں پی پی پی کی طرف سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 2لویر چترال کے ٹکٹ ہولڈر شہزادہ خالد پرویز نے اپنے خطاب میں کہاکہ انہوں نے اپنے ضلعے کے عوام کے ساتھ صلح مشور ے کے بعد علاقے کی بہترین مفاد میں یہ قدم اٹھایا ہے اور یہی وہی لوگ ہیں جوکہ ان کے باپ شہزادہ محی الدین کے وفادار ساتھی تھے اور ان کے مشورے کو انہوں نے سامنے رکھ قدم اٹھایا اور چالیس سالوں تک چترال کی منتخب نمائندگی کا اعزاز حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ملکی سیاست کو سامنے رکھ کر انہیں مکمل اختیار دیاتھاکہ ترقی کی خاطر اس جماعت میں شمولیت اختیار کرکے پرویز خٹک کا ہاتھ مضبوط کرے۔ اپر چترال کے پارٹی لیڈر حاجی غلام محمد نے بھی خطاب کیا اور گزشتہ ادوار میں پرویز خٹک اور محمود خان کے کارکردگی پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر تمام حاضرین نے ہاتھ کھڑا کرکے اور پارٹی پرچم لہر ا لہرا کر پی ٹی آئی (پارلیمنٹرین)میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا