ماں کے دودھ کی افادیت کو اجاگرکرنے اور عوامی آگہی پھیلانے کے لئے محکمہ صحت لویر چترال کے زیر اہتمام ایک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ماں کے دودھ کی افادیت کو اجاگرکرنے اور عوامی آگہی پھیلانے کے لئے محکمہ صحت لویر چترال کے زیر اہتمام ایک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا جوکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر فیاض رومی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے شروع ہوکر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں احتتام پذیرہوا جس میں کوارڈینیٹرایل ایچ ڈبلیو پروگرام ڈاکٹر سلیم سیف اللہ، نیوٹریشن کوارڈینیٹر فرید احمد، ڈی جی ہیلتھ آفس کے ظفر احمد، بی آئی ایس پی کوارڈینیٹر سنگین غازی خان، آغا خان ہیلتھ سروس کے نصرت جہاں اور معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماں کے دودھ کی افادیت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر فیاض رومی اور دوسروں نے نوزائیدہ بچے کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ پلانے، بچے کو چھ ماہ کی عمر تک صرف اور صرف ماں کا دودھ پلانے اور چھ ماہ کی عمر سے اضافی خوراک شروع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ دودھ پلانے والی ماؤں میں چھاتی کاکینسر کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں جبکہ اس موذی مرض سے ہزاروں مائیں موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بریسٹ فیڈنگ کا عالمی ہفتہ منانے کامقصد یہ شعوروآگہی پیدا کرنا ہے کہ ہم بچوں کو ماں کا دودھ پلاکر ایک طرف تو اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہیں تو دوسری طرف ایک صحت مند نسل کو پروان چڑہاتے ہیں۔ واک کے شرکاء بریسٹ فیڈنگ کے حق میں بینرز اور پوسٹرز بھی اٹھارکھے تھے۔