ایل ڈی ایف کانادرا دفتر گرم چشمہ کی بندش کے خلاف اگلے ہفتے سے احتجاج کا اعلان
گرم چشمہ (نمائندہ چترال میل)آج ایل ڈی ایف کے پلیٹ فارم سے گرم چشمہ میں ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے عمائدیں، نئے منتخب ہونے والے کونسلرز، ڈرائیور یونین کے نمائندے، تجار یونین کے نمائندے اور ایل ڈی ایف کے ممبران و عہدیدران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایل ڈی ایف کے صدر نصرت الہی نے کہا کہ ہم اس حیرت سے نکل نہیں پارہے ہیں کہ گرم چشمہ میں موجود نادرا کا دفتر کیوں بند کیا گیا۔ اس کو ہم علاقے کے ساتھ شدید ناانصافی کے طورپر لیتے ہیں۔ علاقے کے عوام کے ساتھ اس سے بڑی ناانصافی نہیں ہوسکتی ہمارے خواتین، بچے اور بزرگ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے چترال میں رل رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ہے ایک گھنٹے کا کام کئی دنوں میں بھی نہیں ہوپارہاہے۔اس سلسلے میں ہم اگلے جمعے تک کا ٹائم دے رہے ہیں اگر مسائل حل نہیں ہوئے تو ہم ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔جنرل کونسلرصدر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایل ڈی ایف کی اب تک کارکردگی ایک معیار ہے جسے سب کو فالو کرنا چاہئے۔ ایل ڈی ایف کی طرف سے ہر قسم کی احتجاج میں ہم اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ اور علاقے کے لوگوں کے اتحاد کے لئے کام کریں گے۔سیدولی جنرل کونسلر نے کہا کہ ہم ایل ڈی ایف کے ہر احتجاج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمیشہ ہر مقام پر ایل ڈی ایف کا ساتھ دیں گے۔ایل ڈی ایف کے نائب صدر نے نئے منتخب ہونے والے کونسلرز سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ علاقے کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔ تقسیم ہر ایک کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ فضول کے کریڈٹ کے بجائے عملی کام کرکے دیکھانے کی ضرورت ہے۔ ایل ڈی ایف ہر پلیٹ فارم پر لٹکوہ کو اہمیت دے کر ثابت کرچکا ہے کہ ہم علاقے کے حقیقی نمائندے ہیں۔ اجلاس میں لوکل کونسل گرم چشمہ کے پریذیڈنٹ جناب جمیل احمد اور خطیب جامع مسجد جناب رحمت حسین صاحب نے خصوصی شرکت کی اور ایل ڈی ایف کے لیڈرشپ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر سطح ایل ڈی ایف کے احتجاجی جلسے کی حمایت کریں گے۔ خطیب رحمت حسین نے کہا کہ ایل ڈی ایف والے جس دن فیصلہ کریں ہم تمام مساجد اور جماعت خانوں کے لئے سرکلر ایشو کریں گے اور تمام خواتین و حضرات یہاں تک کہ بچوں کو بھی اس احتجاج میں شریک کریں گے۔ ڈرائیور یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے مہتاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایل ڈی ایف نے ہمیشہ حقیقی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور ڈرائیور یونین اسی وجہ سے ہمیشہ ایل ڈی ایف کا ساتھ دیتا آیا ہے ہماری اتحاد آئندہ بھی جاری رہے گا ہم مہینوں پہیہ جام ہڑتال کرسکتے ہیں اگر ایل ڈی ایف والے بولیں۔ تجار یونین گرم چشمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے نوح احمد نے کہا کہ ایل ڈی ایف کا ٹریک ریکارڈ علاقائی مسائل کے حل میں اب تک بہترین رہا ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ آئندہ ایل ڈی ایف کبھی بھی علاقے کے لوگوں کو مایوس نہیں کرے گی۔ تجار یونین بازار بند کرنے کے علاوہ چترال تک احتجاجی جلسے میں ہر قسم کی تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔اجلاس سے سید جعفر شاہ اورسید گل رحیم شاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ہر قسم کی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں متفقہ قرارداد کے ذریعے ضلعی انتظامیہ، نادرا انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ اپیل کی گئی کہ اگلے جمعہ سے قبل ہی گرم چشمہ میں نادرا آفس کو آپریشنل کیا جائے ورنہ ایل ڈی ایف اگلے جمعے سے اپنے احتجاجی پلان کا اعلان بھی کرے گا اور اس پر عمل درآمد کا آغاز بھی کرے گا۔ جس میں بازارکی بندش کے علاوہ، پہیہ جام ہڑتال اور نادرا ٓفس چترال تک احتجاجی واک اور مظاہرہ شامل ہوں گے۔ چیئرمین ایل ڈی ایف نے تمام کارروائی اور قرارداد کی توثیق کی اور دعائیہ کلمات کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔