15سے 27نومبر کے درمیان جاری رہنے والی مہم میں لویر چترال ضلعے کے نو ماہ سے پندرہ سال کے درمیان عمر کے ایک لاکھ 20ہزار 207بچوں اور بچیوں کو خسرہ اورروبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے جن میں پانچ سال سے کم عمر کے 48427 بھی شامل ہیں۔(ڈپیک) کے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) جمعرات کے دن پولیو کے خاتمے کے لئے ضلعی کمیٹی (ڈپیک) کے منعقدہ اجلاس میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لئے ٹیکہ لگانے کی 15نومبر سے شروع ہونے والی مہم کے سلسلے میں تمام تیاریوں کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا جس کے دوران پانچ سال کم بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے جبکہ 9ماہ سے لے کر 15سال کے بچوں کو ویکسین لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال حسن عابد کے زیر صدارت اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سونیہ شمروز خان، ای پی آئی کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر فرمان نظار خان اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے اور دوسرے سرکاری محکمہ جات کے افسران شریک تھے۔۔ ڈاکٹر فرمان نظار نے اجلاس کوبتایاکہ 15سے 27نومبر کے درمیان جاری رہنے والی اس مہم میں لویر چترال ضلعے کے نو ماہ سے پندرہ سال کے درمیان عمر کے ایک لاکھ 20ہزار 207بچوں اور بچیوں کو خسرہ اورروبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے جن میں پانچ سال سے کم عمر کے 48427 بھی شامل ہیں جنہیں پولیوسے بچاؤ کے قطرے بھی پلوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کے لئے 118ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 27فکسڈ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں صبح 8بجے سے لے کر شام4بجے تک ویکسنیشن کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ارندو، دمیڑ،شیشی کوہ اور لوٹ کوہ کے بعض دورافتادہ مقامات پر پہنچنے کے لئے خصوصی ٹیمیں بنائی گئی ہیں تاکہ کوئی گھرانا بھی خالی نہ رہے۔ اس موقع پر ڈی سی لویرچترال نے کہاکہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں کوئی سستی،غفلت اور کوئی حیلے بہانے برداشت نہیں کئے جائیں گے اور سوفیصد ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار رہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او نے مہم پر مامور محکمہ صحت کے اہلکاروں اور رضاکاروں کو فل پروف سیکورٹی کی فراہمی کے لئے بھی مختلف اقدامات پر غورکیا۔ اجلاس میں ایل ایچ ڈبلیو پروگرام کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر ضیاء اللہ خان، ڈبلیو ایچ او کانمائندہ ڈاکٹر سلیم سیف اللہ، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا فضل مولیٰ، ایڈیشنل اے سی حفیظ اللہ، ڈی ای او (فیمل) مہرون، انساء ریسکیو 1122کے انچارج ظفرالدین بھی موجود تھے۔