چترال کے دروش گول جنگل میں بھڑکی آگ نہ بجھائی جا سکی، کروڑو ں کا نقصان

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) چترال دروش کے نواحی علاقے دروش گول کے جنگل میں گذشتہ تین دنوں سے لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا جس کی وجہ سے قیمتی دیار کا جنگل تیزی سے راکھ کے ڈھیر میں بدل رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چار دن قبل دروش جنگل میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ بھڑک اٹھی جسکی زد میں اگر سینکڑوں درخت جل کر راکھ بن گئے ہیں، آتشزدگی کے اس واقعے سے اس جنگلاتی علاقے میں قدرتی ماحول، چرند پرنداور جنگلاتی حیات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ بیش قیمت دیار اور شاہ بلوط پر مشتمل جنگل راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو رہا ہے، دروش گول جنگل میں لگی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ مقامی رضاکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ آگ بجھانے کے عمل میں شریک ایک مقامی شخص نے محکمہ جنگلات کی سرد مہری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے واقعے کے حوالے سے متعلقہ محکمے کا رویہ بالکل لاپرواہی کا ہے، آگ لگنے کے پہلے ہی دن آسانی سے اس پر قابو پایا جا سکتا تھا مگر محکمہ کے لوگوں کی غفلت کی وجہ سے آگ مزید پھیل گیا، اب بھی محکمے کے تین یا چار بندے جائے وقوعہ کا چکر لگاتے ہیں جوکہ صرف تماش بینی کے سوا کچھ نہیں۔ دروش اور چترال کے عوامی حلقوں نے جنگل میں آتشزدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قومی خزانے اور قدرتی ماحول کو بچانے کے لئے فوری طور اقدامات اٹھائے جائیں