چترال (نما یندہ چترا ل میل) خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے کہا ہے کہ م رمضان المبارک دنیا کمانے کا نہیں، آخرت کمانے کا سیزن ہے، یہ دولت نہیں، ثواب کمانے کا سیزن ہے، نیکیاں اور اللہ کی رحمت و برکت کمانے اور سمیٹنے کا سیزن ہے، مگر بد قسمتی سے ہمارے تاجر، ہمارے ٹرانسپورٹر، ہمارے پبلک ڈیلنگ دفاتر اور ان کے اہلکاروں نے رمضان المبارک کو دنیا کی حقیر دولت اور ہاتھ کا میل کمانے کا سیزن بنا لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی مسجد چترال میں نماز جمعہ کے عظیم اجتماع سے ”استقبال رمضان کے حقیقی تقاضے اور ہماری ذمے داریاں ” کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خطیب شاہی مسجد نے کہا کہ روزہ صرف امت محمدیہ پر ہی نہیں بلکہ سابقہ امتوں پر بھی فرض رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزے کا فلسفہ قرآن حکیم نے تقوی یعنی خدا ترسی کی مشق و ریاضت بتایا ہے۔ اگر روزہ سے دل میں تقوی گھر نہ کرے، خدا خوفی، رقت اور عمدہ اخلاق کا انسان کے جسم ظاہری پر ظہور نہ ہو تو روزے کا مقصد فوت ہو جاتا ہے اور خالی بھوکا پیاسا رکھنا اللہ کی منشا ہرگز نہیں ہے۔ خطیب شاہی مسجد نے کہا کہ روئے زمین پر کچھہ اراضی و مقامات مقدس ہیں، جن میں مکہ مکرمہ مسجد حرام مسجد نبوی مسجد اقصی شامل ہیں، مقامات مقدسہ کی طرح سال کے بارہ مہینوں میں ماہ رمضان کو اللہ تعالیٰ مے تقدس و تبرک کی خلعت پہنائی ہے۔ اس مہینے کے بے شمار فضائل ہیں، اس کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ رب تعالیٰ نے اپنے آخری پیغام ہدایت کے نزول کیلئے اس مہینے کا انتخاب کیا، یہ ایسی منفرد فضیلت ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں اور جس کو اللہ تعالیٰ نے خود رمضان کے تعارف میں ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم مہینہ ایک بار پھر اللہ کی رحمت سے اس کے لطف و کرم اور خیر و برکت کے ساتھ ہم پہ سایہ فگن ہونے والا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم دو مہینے پہلے سے رمضان کے بے تابی سے انتظار شروع فرمایا کرتے تھے اور اس کیلئے ہر طرح کی تیاری پہلے سے فرماتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سراپا لطف و کرم بن جاتے تھے، ہمیں بھی رمضان کی آمد سے پہلے خود کو نبوی صفات میں ڈھالنے کا اہتمام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے احترام میں بازار صرف ضرورت کی حد تک جایا کریں، تاجر حضرات بھی اوقات محدود کرکے رمضان میں نیکیاں کمانے اور عبادت کیلئے خصوصی وقت مقرر کریں۔ جھگڑا نہ کریں۔ تاجر حضرات رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اس ماہ مبارک میں لوگوں کیلئے سراپا رحم و خیر خواہی بنیں۔ اپنے ماتحتوں، ملازمین، بچوں، زیر کفالت افراد اور گلی محلے کے بچوں کے ساتھ خصوصی طور پر نرمی و شفقت کا برتاؤ کریں، لوگوں کا بوجھ کم کریں، مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں، اللہ آپ کی مشکلیں آسان کرے گا، آپ کی زندگی میں برکتیں بھر دے گا۔ خطیب شاہی مسجد نے کہا کہ برکت وہ چیز ہے جو مال و دولت دنیا سے کبھی حاصل نہیں ہوتی، یہ اللہ کی خاص عنایت ہوتی ہے اور انہیں کو حاصل ہوتی ہے جو اللہ کی خوشنودی کیلئے اس کی مخلوق کیلئے آسانیوں کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے کے افراد روزہ داروں کو خصوصی ڈسکاونٹ دیں۔ یورپ میں حلال چیزوں پر روزہ داروں کیلئے 55 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے، کیا ہم ایسا نہیں کر سکتے؟ انہوں نے کہا کہ ختم القرآن اور تراویح کا اہتمام بھی کیا جائے، بالخصوص نوجوان اپنی جوانی کا ثبوت دیتے ہوئے عبادات میں خوب دل لگائیں، انہوں نے کہا کہ اصل توبہ اور عبادت و طاعت تو جوانی کی ہے، ایک فارسی شعر میں ہے: در جوانی توبہ کردن شیوہ پیغمبریست، یعنی نوجوانی میں توبہ اور اللہ سے رجوع کرنا پیغمبروں کا شیوہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسجدوں کو آباد کریں، مسجدوں کی خدمت کریں، صفائی، سحر و افطار کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر والنٹیئری شرکت کریں، مسجدوں ہی نہیں گلی محلوں اور بازاروں میں بھی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب رشتہ دار اور ہمسائے اس ماہ مبارک میں ہماری خصوصی توجہ و عنایات کے مستحق ہوتے ہیں، ان کا خاص خیال رکھیں، خود ان کی ضروریات اور حالات معلوم کرکے ان کی مدد کریں، اللہ ہم ہماری مدد کرے گا۔ #
تازہ ترین
- مضامیندھڑکنوں کی زبان ۔۔محمد جاوید حیات ۔۔”موشگافیاں “
- ہومچترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا شاندار افتتاح کیک کاٹ کر کر دیا گیا، جس میں مختلف ٹیمیں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئیں
- ہوم*لوئر چترال پولیس کی جانب سے لیویز اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے پولیس لائن لوئر چترال میں خصوصی ٹریننگ پروگرام کا انعقاد
- مضامینچترال کی نمائندگی کا بحران: قید، خلا اور عوامی حقوق کا سوال۔۔بشیر حسین آزاد
- ہومانتقال پر ملال۔۔۔۔۔ استاد شمس الدین انتقال کر گئے
- ہومایک ماہ سے زائد عرصے تک عارضی طور پر ارندو چھوڑ کر دروش اور دیگر علاقوں میں قیام پذیر رہنے والے مقامی افراد بالآخر اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے۔
- ہومسول آرمڈ فورس (CA F) کا آیون میں اجلاس، صاحب نادر ایڈوکیٹ مہمان خصوصی، سابق چیرمین جندولہ خان کو حسن کارکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا، یو سی آیون کیلئے آرنریری کیپٹن زاہد حسین بلا مقابلہ چیرمین منتخب
- مضامینمنشیات کے خلاف اقدامات: وقتی حل یا مستقل حکمتِ عملی کی ضرورت؟۔۔۔بشیر حسین آزاد
- ہوملوئر چترال میں منشیات کی لعنت کے خاتمے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم اعظم کی قیادت میں ڈی سی آفس میں منعقد ہوا
- مضامینچترال میں منی ایکسچینج سہولیات کی اشد ضرورت۔۔۔تحریر: بشیر حسین آزاد



