الخدمت فاونڈیشن نے چترال میں ہیلتھ کئیر کے شعبے میں ایک اورسنگ میل قائم کرتے ہوئے جدید ترین سہولیات سے مزین زچہ وبچہ مرکز اور سرجیکل یونٹ مکمل کی ہے جس کا افتتاح عنقریب ہوگا۔ اسعد کامران ہیلتھ کوارڈینیٹر

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) الخدمت فاونڈیشن نے چترال میں ہیلتھ کئیر کے شعبے میں ایک اورسنگ میل قائم کرتے ہوئے جدید ترین سہولیات سے مزین زچہ وبچہ مرکز اور سرجیکل یونٹ مکمل کی ہے جس کا افتتاح عنقریب ہوگا جبکہ ضلعے میں سب سے پہلی مرتبہ سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی سہولیات بھی اس کے ڈائیگناسٹک لیبارٹری میں فراہم کئے جارہے ہیں جس کے بعد مریضوں کو پشاور جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ الخدمت فاونڈیشن کے ڈائیگناسٹک سنٹر اور زچہ وبچہ ہسپتال کے دورہ کرنے والے چترال پریس کلب سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن لویر چترال کے صدر نوید احمد بیگ، ایڈمنسٹریٹر عبدالحق اور ہیلتھ کوارڈینیٹر اسعد کامران نے کہاکہ چترال میں الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام الخدمت ڈاگناسٹک سینٹر میں چلنے والے تشخیصی لیبارٹری معیار اور بہترین خدمت کی نشانی ہے جس پر لویر اور اپر چترال کے اضلاع کے لاکھوں عوام گزشتہ دس سالوں سے مستفید ہورہے ہیں جن میں رعایتی نرخ رائج ہیں۔انہوں نے کہاکہ سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی سہولیات کی فراہمی کی ضرورت اس علاقے میں شدت سے محسوس کی جارہی تھیں جوکہ یہاں بہت جلد ہی دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت زچہ وبچہ مرکز اور سرجیکل یونٹ کا افتتاح 10اپریل کو کیا جارہا ہے جن میں جد ید خطوط پر استوار سہولیات کی فراہمی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ الخدمت فاونڈیشن کی ایمبولنس سروس بھی بہت ہی فعال رہا ہے جس پر عوام الناس نے ہمیشہ سے اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے مریضوں کی منتقلی میں اسی کو ترجیح دی۔ صدر نوید احمد بیگ سے مزید کہاکہ گزشتہ سال کووڈ19کا عالمی وبا پھیلنے کے بعد الخدمت فاونڈیشن نے ایمبولنس سمیت ہیلتھ کئیر کی دوسری سہولیات ضلعی انتظامیہ کے ڈسپوزل میں دے دیا تھا جس سے ہزاروں افراد مستفید ہوگئے۔