پیر کے روز سے شروع ہونے والی مسلادھار بارش اور برفباری بغیر وقفہ کے منگل کے روز بھی جاری رہی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) پیر کے روز سے شروع ہونے والی مسلادھار بارش اور برفباری بغیر وقفہ کے منگل کے روز بھی جاری رہی۔ جس کے نتیجے میں لواری ٹنل، کالاش ویلیز رمبور،بمبوریت، گرم چشمہ میں برساتی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی تودے گرنے سے روڈ بند ہو گئے ہیں۔ دروش کے کئی مقامات میں نالوں کا پانی سیلابی شکل اختیار کرنے کی وجہ سے گاڑیاں عبور نہیں کر پا رہی ہیں۔ ڈی سی کنڑول روم کے مطابق آمدورفت عارضی طور پر بند ہو چکی ہے۔ اور کئی گاڑیاں لواری ٹنل کے قریب پھنس چکے ہیں۔ ادھر دیر سائیڈ پر نالہ جسے ٹی ایم اے دیر نے گذشتہ روز صاف کیا تھا۔ دوبارہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ جس سے آمدورفت میں پھر سے رکاوٹ آئی ہے۔ اس لئے چترال سے اسلام آباد اور پشاور جانی والی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ ادھر چترال میں سڑکیں پہاڑوں کے دامن سے گزرنے کی وجہ سے بالائی پہاڑوں سے برساتی نالوں میں سیلاب اور پتھر کے تودے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اور لوگ جانی خطرے کے پیش نظر سفر سے گریز کر رہے ہیں۔ تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ کہ بارش مزید جاری رہنے کی صورت میں نقصانات ہو سکتے ہیں۔ بارش اور برفباری نے ایک مرتبہ پھر لوگوں کو محصور کر لیا ہے۔ اور سردی پھر سے واپس لوٹ آئی ہے۔ لوگ گھروں میں آگ تاپنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس وجہ سے جلانے کی لکڑی کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ جہاں بہت سارے لوگ شدید بارش سے خوفزدہ ہیں۔ وہاں چترال کے وہ دیہات جہاں فصلوں کے پانی کی قلت ہے۔ بارش پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔ ان علاقوں میں چترال ٹاون قریبی گاوں اورغوچ، بروز، کیسو، سوئیر، وارڈپ، اوسیاک اور موڑکہو شامل ہیں۔ تیز بارش سے پھلدار پودے جن میں ناشپاتی، سیب، چیری جن کی کونپلیں حال ہی میں کھل گئی ہیں۔ سردی سے نقصان پہنچنے کا خد شہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بالائی چترال میں بھی کئی مقامات کھوت، تریچ، اویر مقامات میں برفباری ہوئی ہے۔ لیکن انتظامیہ کے مطابق آمدو رفت جاری ہے۔