چترال (نمائندہ چترال میل)سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے کورونا وباء سے نمٹنے کے ہنگامی منصوبے“ کے تحت پاٹریپ فاؤنڈیشن کے تعاون سے چترال میں محکمہ صحت کے اہلکاروں کو 3.4 ملین روپے مالیت کے سازوسامان فراہم کردئیے جن میں کورآل سوٹس، فیس شیڈ، سرجیکل KN95ماسک، سرجیکل ماسک، سرجیکل گلاؤز، سرجیکل ہیڈ کور اور سرجیکل شو کور شامل ہیں۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز ڈی ایچ کیو ہسپتا ل چترال کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد، چیف ایگزیکٹیو ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود الملک، ایڈیشنل ڈی سی حیات شاہ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شمیم احمد، ایس آر ایس پی پارٹرپ کے منیجر انجینئر خادم اللہ اور ایس آر ایس پی کے منیجر طارق احمد بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو شہزادہ مسعودالملک نے کہا کہ ایس آر ایس پی موجود وبائی صورتحال میں اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ صحت اور مقامی کمیونٹیز کی مدد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے نے پہلے ہی12.9 ملین روپے لاگت کے طبی سامان صوبائی محکمہ صحت کو فراہم کر دئیے ہیں اور اسکے علاوہ آج یہ سامان چترال میں محکمہ صحت کے حوالے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ضمن میں مزید کوششیں کرکے اپنا تعاؤن جاری رکھ سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد نے ایس آر ایس پی کے خدما ت کی شاندار الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ زندگی کے ہر شعبے میں حکومت کیساتھ ملکر عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کثیر تعداد میں ضروری سامان فراہم کرنے پر ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اور سرکاری ادارے ایس آر ایس پی کے ساتھ ہر قسم تعاؤن کرینگے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے ایم ایس ڈاکٹر شمیم احمد نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود محکمہ صحت کے اہلکار فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کے خلاف اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان مشکلات کا بھی ذکر کیا جو مارچ میں اس وباء کے پھیلنے سے ابتک سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باوجود وسائل کی کمی اور مشکلات کے محکمہ صحت کے متعلقہ اہلکار دن رات محنت اور پیشہ وارانہ لگن کیساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بھاری مقدار میں ضروری سامان فراہم کرنے پر ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور ایس آر ایس پی کے سی ای او شہزادہ مسعود الملک نے سامان کی کھیپ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کے حوالے کردیئے۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر لوئرچترال نویداحمدکی طرف سے کروناوائرس کے وبائی مرض کے خلاف لڑتے ہوئے 100دن مکمل ہونے پرفر نٹ لائن پرکام کرنے والے چیف ایگزیکٹیو ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود الملک،ڈی پی ایم طارق احمد،آغاخان ہیلتھ سروس چترال کے فوکل پرسن انوربیگ،تجاریونین دروش کے صدرگل نوازخان،ڈی ایچ او چترال،ایس ایچ او چترال،دروش،گہریت،چترال لیویزکے جوان اوردوسرے متعلقہ اسٹاف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے تعریفی اسنادتقسیم کیے۔