قربانی کا گوشت 2 ماہ تک کیسے محفوظ کیا جائے؟ آسان اور آزمودہ ٹوٹکے

Print Friendly, PDF & Email

( چترال میل رپورٹ ) عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی گھروں میں ذبیحہ کیے جانے والے جانوروں کا گوشت اکٹھا ہوجائے گا اور اس کے خراب ہونے کا اندیشہ بھی ہوگا تاہم اب آپ گوشت کو 2 ماہ تک کے لیے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج عیدالضحیٰ جوش و خروش سے منائی گئی جبکہ کل پاکستان اور ایشیاء میں بھی سنتِ ابراہیمی ادا کی جائے گی۔

قربانی کی استطاعت رکھنے والے لوگ نمازِ عید کے بعد جانور قربان کریں گے اور شرعی حکم کے مطابق اسے غرباء، مساکین و دیگر مصارف میں تقسیم بھی کریں گے تاہم یہ تمام اقدامات کرنے کے باوجود گھروں میں گوشت کی بڑی تعداد اکھٹی ہوجاتی ہے۔

گوشت کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف گھریلو ٹوٹکے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ جدید دور میں اسے محفوظ بنانے کے لیے فریج کو نہایت اہمیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ عیدقرباں سے قبل اس کی خرید و فروخت میں اضافہ بھی ہوجاتا ہے۔

اگر آپ قربانی کے گوشت کو زیادہ عرصے محفوظ بنانا اور استعمال کرنا چاہتے ہیں تو درج طریقے آزما کر گوشت کو 2 ماہ تک کے لیے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

گوشت محفوظ بنانے کے آزمودہ طریقے
قربانی کا گوشت فریز کرنے سے قبل اسے دھونے سے گریز کریں کیونکہ گوشت پر پانی لگنے کے بعد اسے رکھا جائے تو اس میں بیکٹریا پیدا ہوجاتا ہے جو گوشت کو خراب کردیتا ہے۔

گوشت کو تھوڑی دیر چولھے پر رکھ کر بھونیں اور پھر اسے المونیم فوائل میں لپیٹ کر رکھ دیا جس کے بعد گوشت دو ماہ تک بالکل محفوظ رہے گا۔

ایسے لوگ جن کے پاس فریج موجود نہیں وہ گوشت کو بوٹیوں کی صورت میں کر کے ایک دھاگے میں پرو ئیں اور دھوپ و ہوا لگا کر سکھا لیں، بعد ازاں حسب ضرورت صارف اُسے استعمال کرسکتا ہے۔