چترال (نمائندہ چترال میل)آئیڈیل کلب دروش لیژر لیگس کے زیراہتمام ہونے والے انٹرنیشنل سوکا ورلڈ کپ کے ریجنل کوالیفائنگ مقابلوں میں حصہ لے گی۔ تفصیلات کے مطابق لیژر لیگس کے زیر اہتمام انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے تحت سوکا منی ورلڈ کپ فٹبال ٹورنمنٹ 2019کے لئے کوالیفائنگ میچز پاکستان بھر میں شروع ہو گئے ہیں اور اس سال 28جولائی کو پاکستان نیشنل چمپئن شپ کا انعقاد کراچی میں ہوگا۔ آئیڈیل کلب دروش کی ٹیم انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے ”فٹ بال منی ورلڈ کپ“ کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لے رہی ہے جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے زیر اہتمام لیژر لیگس کے تحت اس سال منی فٹ بال ورلڈ کپ یونان (Greece)میں منعقد ہورہی ہے جسمیں ان ممالک سے ٹیمیں حصہ لیں گی جہاں پر لیژر لیگس کے مقابلے منعقد ہوئے ہیں۔ پچھلے سال منی ورلڈ کپ کے مقابلے پرتگال میں منعقد ہوئے تھے جس میں پاکستان کی ٹیم نے بھی شرکت کی تھی۔ اس سال لیژر لیگس کی طرف سے مختلف شہروں میں لیگ مقابلوں کے بعد اب ریجنل اور صوبائی سطح کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں۔14جولائی ملاکنڈ ریجن کے مقابلے مینگورہ سوات میں منعقد ہونگے جس میں چترال سے آئیڈیل کلب دروش کی تین میچ کھیلے گی اور اس گروپ سے کامیاب ٹیم 23-24جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے انٹر ریجنل مقابلوں میں حصہ لے گی جہاں سے کامیاب ٹیم نیشنل چمپئن شپ کے لئے 27 جولائی کو کراچی جائیگی۔ 28جولائی سے نیشنل چمپئن شپ کا آغاز ہوگا۔ نیشنل چمپئن شپ میں کامیاب ٹیم کوانٹر نیشنل سوکا فیڈریشن (ISF) کی طرف سے منعقد ہونے والے سمال سائڈڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے اکتوبر میں یونان بھیجا جائیگا۔چترال سے مقامی کھلاڑیوں کا اتنے بڑے ایونٹ میں حصہ لینا یقینا ضلع چترال کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ حکومتی اور غیر سرکاری اداروں کو چاہئے کہ وہ آئیڈیل کلب کی حوصلہ افزائی کریں کیونکہ عالمی سطح کے مقابلوں کے لئے کوالیفائینگ راؤنڈ میں حصہ لینا چترال کی نیک نامی کا باعث ہے۔ یا
د رہے کہ لیژر لیگس عالمی سطح پر چھوٹے فارمیٹ کے فٹبال کو متعارف کرانے اور چلانے والا ادارہ ہے جو کئی ممالک میں سرگرم ہے اور فٹ بال کی ترقی و کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انکے لئے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں کام کر رہی ہے۔ لیژر لیگس کی کوششوں کی بدولت انٹرنیشنل سوکا رینکنگ میں پاکستان 30ویں نمبر ہے جبکہ مصراور انڈیا کی رینکنگ 31 اور 32ہے۔
چترال میں لیژر لیگس کو شروع کرنے کا سہرا دروش کے شہزادہ محمد حشام الملک اور آئیڈیل کلب کے صدر کمال عبدالجمیل کے سر ہے جنہیں لیژر لیگ کی طرف سے چترال کے لئے ”برانڈ ایمبیسڈرز“ مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے زیر اہتمام ”فٹ بال منی ورلڈ کپ“ میں پاکستان کے علاوہ برطانیہ، روس، فرانس، پرتگال،امریکہ، جرمنی، پولینڈ،میکسیکو، نیدرزلینڈ، آئرلینڈ اور مصر کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
چترال میں لیگس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہزادہ حشام الملک نے بتایا کہ انکی کوشش تھی کہ چترال میں لیگس میں زیادہ تعداد میں ٹیمیں اورکھلاڑی حصہ لیں مگر چونکہ چترال میں لیگ سسٹم ایک نیا فارمیٹ تھا اسلئے یہ مقامی کھلاڑیوں اور کلبوں کے لئے مشکل لگا، پھر بھی انتھک کوشش کرکے 8ٹیموں کو قائل کیا گیا کہ وہ اس ٹورنمنٹ میں حصہ لیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں زیادہ کلب اس میں حصہ لیں گے کیونکہ اب کھلاڑیوں کو امید ملی ہے کہ واقعی میں لیژر لیگس میں حصہ لیکر کھلاڑی نہ صرف صوبائی و قومی سطح پر مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے بلکہ انٹرنیشنل لیول پر بھی انکے لئے مواقع ملینگے۔