عام لوگوں میں پولیو کے قطروں کے بارے میں پائی جانے والی حدشات اور شکوک وشبہات دورکرناہے/اے ڈی سی ذاکرحسین/ڈاکٹرفیاض رومی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) پولیو کے خاتمے کے لئے ضلع کمیٹی (ڈپیک) کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پولیو مہمات کے دوران عوام کی ذیادہ سے ذیادہ تعاون کو حاصل کرنے اور سوفیصد ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا تعاون حاصل کرنا ناگزیر ہے جن میں علمائے کرام اور رائے عامہ کو ہموار کرنے والے رہنما سرفہرست ہیں۔ ایڈیشنل ڈی سی ذاکر حسین کے زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ای پی آئی چترال ڈاکٹر فیاض رومی نے بتایاکہ پشاور میں حال ہی میں پولیو مہم کے خلاف ڈرامہ بازی کے نتیجے میں پید ا ہونے والی صورت حال میں ہمیں اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے عوام کے پاس قابل فہم اور قابل قبول پیغام کے ساتھ جانا ہے۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے تشکیل دی گئی مجوزہ پلان پیش کیا جس پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن چترال کے ایکسین مقبول اعظم کی طرف سے اٹھائے گئے سوال پر بھی طویل بحث ہوئی کہ کس طرح عام فہم اور سلیس زبان اور انداز اختیار کیا جائے کہ عام لوگوں میں پولیو کے قطروں کے بارے میں پائی جانے والی حدشات اور شکوک وشبہات دور ہوسکیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر حیدر الملک، جنرل منیجر آغا خان ہیلتھ سروس چترال معراج الدین اور مختلف محکمہ جات کے افسران کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی کیونکہ گزشتہ اجلاس میں غیر حاضر ہونے پر ان کو شوکاز نوٹس دے دی گئی تھی اور اجلاس کوملتوی کردیا گیا تھا۔