محکمہ جنگلات کے خلاف بھوک ہڑتال میں بیٹھے ہوئے افراد ہسپتال پہنچ گئے، وی سی فورم نے یکجہتی احتجاج کیا

Print Friendly, PDF & Email

دروش(نمائند ہ چترال میل) گذشتہ تین دنوں سے دروش مین چوک میں محکمہ جنگلات چترال کے خلاف بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے نوجوان بالآخر ہسپتال پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات کی طرف سے فارسٹ گارڈز کی بھرتیوں میں مبینہ بد عنوانی اور میرٹ کی خلاف ورزی کے خلاف گذشتہ تین دنوں سے دروش چوک میں بیٹھے ہوئے جنگلاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد اسلام، جمشید، سلیم اللہ وغیرہ کی حالت غیر ہونے پر انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش منتقل کردیا گیا جہاں پر انکا علاج معالجہ جاری ہے۔
درایں اثناء آل ویلج کونسل فورم دروش نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر دروش چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم عمران الملک، خوش نواز خان، وقار احمد و دیگر نے مطالبہ کیا کہ جنگلاتی علاقے کے نوجوانوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کا نوٹس لیکر انکے ساتھ انصاف کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ غیر قانونی اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔ احتجاجی جلسے میں مقررین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ابتک احتجاجی ہڑتال پر بیٹھے نوجوان کے ساتھ کسی نے رابطہ کرکے انکے موقف سے آگاہی کی کوشش نہیں کی ہے جوکہ قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نا انصافی کیخلاف احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔